وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے جو ہو سکا کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امراء میں ملاقات کر کے ملک کی موجودہ صورتحال اور سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی صورتحال کو بہتر کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی،، وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم قابل ستائش ہے، بلاشبہ اس وقت ملک میں مہنگائی نے عام آدمی کا جینا محال کر رکھا ہے اور عوام کسی ایسے مسیحا کی تلاش میں ہیں جو ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کر کے ان کی زندگیاں آسان بنائے وزیراعظم شہباز شریف ایک اچھے منتظم اور بے باک انداز رکھنے والے سیاسی قائد ہیں لگی لپٹی باتیں کرنے کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اپنے وزارت عظمیٰ کے گزشتہ 16ماہ کے دور میں بھی انہوں نے ایک اچھے منتظم کا کردار بخوبی ادا کیا آٹھ فروری 2024ء کے انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کی دیگر جماعتوں کی نسبت زیادہ نشستیں حاصل کیں جس کے بعد ماضی کی پی ڈی ایم جماعتوں نے مسلم لیگ کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا اور اتحادی جماعتوں نے ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اقتدار کا فارمولا طے کر کے حکومت بنائی، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو مضبوط معاشی قوت بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے اور سعودی عرب سے بھاری سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گئی ہے گزشتہ دنوں سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایک وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا آئندہ ماہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں معاہدوں پر دستخط ہوں گے جس سے ہماری معیشت میں جان پڑ جائے گی علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے بھی عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کر کے ملک کے لئے اربوں ڈالر کے قرضوں کے حصول کی راہ ہموار کی ہے جس سے امید کی جا رہی ہے کہ ملک میں ڈالروں کی فراوانی کے بعد پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ تھم جائے گا ڈالر کا ریٹ کم ہونے سے روپیہ تگڑا ہو گا اور مہنگائی بھی کم ہو گی جس کا اثر عام آدمی پر بھی پڑے گا اس وقت ہمارے ملک کے عوام کا جو سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ مہنگائی کا ہے، 2018ء میں پی ٹی آئی کی حکومت کے اقتدار میں مہنگائی نے ایسا جنم لیا کہ 5سال گزرنے کے بعد بھی مہنگائی عوام کی جان چھوڑنے کیلئے تیار نہیں وزیراعظم نے ملک کے ایسے طبقے پر ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے جو ملک کی معیشت کو کمزور کر رہے ہیں وزیراعظم نے سمگلروں ذخیرہ اندوزوں اور ان کے سہولت کار سرکاری افسران کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ایسے افسران کی فہرستیں تیار کر لی گئیں ہیں اور بہت جلد ان کو کٹہرے میں لایا جائے گا، کتنے افسوس کی بات ہے کہ سرکاری افسران ہی بددیانتی کرتے ہوئے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہیں اسمگلنگ کے ذریعے اشیاء کی نقل وحمل ہو گی تو اس سے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچے گا جب ٹیکس محاصل کے اہداف حاصل نہیں ہوں گے تو گردشی قرضے بڑھیں گے ڈالرز کی اسمگلنگ ہو گی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی واقع ہو گی اور روپے کی قدر میں کمی ہو گی، مہنگائی میں اضافہ ہو گا کتنے افسوس کی بات ہے کہ جن افسران کو اسمگلنگ ذخیرہ اندوزی کے انسداد کیلئے ڈیوٹی سونپی گئی ہے وہ ہی کالی بھیڑوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور اپنے ملک اپنے ہم وطنوں پر زندگی تنگ کر رہے ہیں، ایسے کردار کے مالک سرکاری افسران کو محکموں میں رکھنا لمحہ فکریہ سے کم نہیں! وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ان کے پاس تمام وسائل موجود ہیں ان کو اس حوالے سے سخت فیصلوں سے گریز نہیں کرنا چاہیے اور اپنے 5سالہ دور حکومت میں ملک کو مہنگائی مافیا سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ ملکی وغیر ملکی قرضوں سے بھی جان چھڑانا ہو گی تاکہ ملک وقوم کی خوشحالی اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔
23