11

پیپلز کالونی اے بلاک میں سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچا دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا اور پی ایچ اے کی غفلت اور لاپرواہی کے سبب پیپلزکالونی نمبر1 اے بلاک سروری صادق روڈ کی گرین بیلٹ میں سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچا دی، گرین بیلٹ میں لگے قیمتی پودے اور گھاس برباد ہو گئی، جگہ جگہ گندے اور تعفن زدہ پانی سے لوگوں کا جینا محال ہو گیا۔ بار بار نشاہدہی کے باوجود متعلقہ محکمے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پیپلزکالونی نمبر1 ڈی گرائونڈ کے قریب سروری صادق روڈ کے باسیوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداﷲ نیئر شیخ کو درخواست گزاتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھروں کے سامنے گرین بیلٹ میں سیوریج کا گندہ پانی داخل ہو چکا ہے جسکی وجہ سے ہرے بھرے درخت پودے اور گھاس ختم ہو چکی ہے۔ مچھروں کی بہتات سے اہل علاقہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں اور سیوریج کے گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن سے سانس لینا بھی دوبھر ہو چکا ہے۔ عرصہ پانچ سال سے ڈی گرائونڈ میں متعلقہ محکموں کی طرف سے گٹروں کا پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔ گندے پانی کی وجہ سے گرین بیلٹ میں لگے پودے ختم اور سایہ دار درخت بھی سوکھ رہے ہیں، کئی مرتبہ واسا اور پی ایچ اے کے افسران کو درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی ہے۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سروری صادق روڈ کے سیوریج سسٹم کو درست کروایا جائے تاکہ وہاں کے مکین سکھ کا سانس لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں