ممبئی (شوبز نیوز) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بھائی ارباز خان نے فائرنگ کے واقعے کے بعد گلیکسی اپارٹمنٹ سے جانے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں خان کا کہنا تھا کہ اگر سلمان خان اور ان کا خاندان کسی دوسرے گھر میں منتقل ہو بھی جائے تب بھی دھمکیاں ختم نہیں ہوں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ پہلے کی طرح ختم ہو جائے گا؟ اگر آپ یہ سوچتے ہیں کہ کہیں اور منتقل ہوکر آنے والے خطرے کو دور کیا جاسکتا ہے اور اگر ایسا ہوتا، تو ہاں، کوئی بھی ایسا ہی کرتا۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ختم ہونے والا نہیں ہے.واضح رہے کہ 14 اپریل کو ٹائیگر اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ پر فائرنگ کے بعد سے ان کی ممکنہ منتقلی کے بارے میں افواہیں پھیل رہی تھیں۔فائرنگ کے فورا بعد گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے اس حرکت کی ذمہ داری قبول کی جبکہ ممبئی پولیس نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اس حملے کے پیچھے گینگ کا ہاتھ ہے۔فائرنگ کے واقعہ کے بعد رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ سلمان خان اور ان کی فیملی اپنی حفاظت کے لئے باندرہ کی رہائش گاہ خالی کردیں گے۔
