62

کمشنر نے تحصیل ہسپتال سمندری کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کی نوید سنا دی

سمندری(بیوروچیف)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کی نوید سنا دی۔وہ دورہ سمندری کے دوران تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پہنچیں اور ایمرجنسی میں علاج معالجہ کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ایمرجنسی کو مریضوں کے لئے نزدیک ترین بلاک میں شفٹ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد بڑھا کر 15 کی جائے۔انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ایک ہفتہ میں عملدرآمد کرانے کا حکم دیا۔کمشنر نے تحصیل ہسپتال کے مختلف شعبوں کی انسپکشن کی اورادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہارکیا۔انہوں نے ڈاکٹرز وسٹاف کا ڈیوٹی روسٹر چیک کیااورہسپتال میں صفائی کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اور ان سے علاج معالجہ وادویات ملنے کے بارے میں دریافت کیا۔کمشنر نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات بلاتاخیر مریضوں تک پہنچے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے انتظامی امور سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نعمان افضل اعوان،احمد سلیم چشتی،اسسٹنٹ کمشنرعمر سرور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ شہباز شریف پارک کا دورہ کیا اور پارک میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔انہوں نے پارک میں قدآور پودے لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو بھی زیادہ سے زیادہ پلانٹیشن کرنے کی جانب راغب کریں۔انہوں نے کہا کہ پارک میں فوارہ لگانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔کمشنر نے پارک کے مختلف حصے دیکھے اور کہا کہ سیروتفریح کے لئے آنیوالوں کو پارک میں مزید خوبصورت ودلکش ماحول نظر آنا چاہیے۔پارک کے واکنگ ٹریک کو مزید جاذب نظر بنائیں اوررات کے وقت مناسب لائٹنگ کا بندوبست کیا جائے۔کمشنر نے عید الاضحی صفائی اپریشن میں خدمات انجام دینے والے ویسٹ ورکرز میں نقد انعام بھی تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں