48

سٹیٹ بنک نے شرح سود میں کمی کر دی (اداریہ)

سٹیٹ بنک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق شرح سود میں ایک فی صد کمی کر دی گئی’ ہر طرح کی امپورٹ کو اوپن کر دیا’ گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد نے کہا کہ مہنگائی بتدریج کم ہو رہی ہے زرمبادلہ کے ذخائر جون 2025ء تک 13ارب ڈالر ہو جائینگے ساری بیرونی ادائیگیاں متواتر جاری ہیں مالی سال 2024ء میں جاری کھاتے کا خسارہ تیزی سے کم ہوا سٹیٹ بنک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی اور وہ 4.4ارب ڈالر سے بہتر ہو کر آخر جون میں 9.0 ارب ڈالر سے زائد ہو گئے پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ لگ بھگ 7.0ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کے لیے سٹاف لیول معاہدہ کرنے میں کامیاب رہا،، سٹیٹ بنک کا شرح سود میں کمی اور ہر طرح کی امپورٹ کو اوپن کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے گورنر سٹیٹ بنک نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی نوید بھی دی جس سے امید کی جا رہی ہے کہ ملکی معیشت میں مزید بہتری آئے گی جبکہ معاشی درجہ بندی کے ادارے فچ ریٹنگ ایجنسی نے 7ماہ بعد پاکستان کے لیے کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کر دیا’ فچ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی کی ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے ریٹنگ ٹرپل (CCC) پلس کر دی فچ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا عالمی مارکیٹ میں اعتماد بحال ہو گا، مالیاتی بانڈز کا اجراء بہتر ہو سکے گا، اسٹینڈر بائی ارینجمنٹ معاہدے میں رہتے ہوئے پاکستان نے بہتر کارکردگی دکھائی فچ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی منظوری سے قبل چین’ سعودی عرب اور یو اے ای سے باہمی معاہدوں کے قرض کو رول اوور کرانا ہو گا’ پاکستان نے حالیہ وفاقی بجٹ میں معیشت کی بہتری کیلئے اچھے اقدامات کئے،، فچ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی رپورٹ موجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے اس رپورٹ سے پاکستان کا عالمی مارکیٹ میں اعتماد بحال ہو گا اور عالمی مالیاتی ادارے قرض دینے میں پاکستان پر اعتماد کریں گے،، وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ کی طرف سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے وزیراعظم نے وزیر خزانہ اورنگزیب اور مالیاتی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہا انہوں نے کہا کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک وقوم کو مل رہا ہے ہم معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر دن رات کام کر رہے ہیں آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے پاکستان کی معاشی بہتری اور سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گا انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بنک کی جانب سے شرح سود میں کمی معاشی بہتری کی ایک جھلک ہے افراد زر میں مزید کمی ہو گی، مہنگائی کم ہو گی کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گا،، گورنر سٹیٹ بنک نے آئندہ سال 2025ء میں زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر تک پہنچنے کا خیال ظاہر کیا ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے بھی پاکستان میں معاشی بہتری کی جانب اشارہ کیا ہے جس کا وزیراعظم نے خیرمقدم کیا ہے مہنگائی کے بارے میں بھی کمی کی رپورٹس سامنے آ رہی ہیں شرح سود میں کمی سے معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہونگے آئی ایم ایف نے تین ممالک (چین’ سعودی عرب’ متحدہ عرب امارات) کی ضمانت پر پاکستان کو 7ارب ڈالر تک قرضہ دینے کا عندیہ دیا ہے اس حوالے سے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کا کردار اہم ہے وزیراعظم شہباز شریف پُرامید ہیں کہ وہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے ہمارے خیال میں اگر موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے میں کامیاب رہی تو ان پانچ برسوں میں معیشت میں پہلے کی نسبت بہت زیادہ بہتری کے آثار نمایاں ہوں گے ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی سیاسی قیادتیں ملک وقوم کی بہتری کے فیصلوں میں حکومت کا ساتھ دیں اس میں ملک وقوم کی بھلائی کا راز پوشیدہ ہے اگر سیاسی قیادتوں نے اپنے سیاسی طرز عمل میں تبدیلی نہ کی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمہ کیلئے کردار ادا نہ کیا تو پھر ملکی معیشت کا پہیہ جام ہو سکتا ہے جو کسی صورت ملک وقوم کیلئے اچھا نہ ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں