58

مریم نواز کا دورہ فیصل آباد…… لیگی کارکن نظرانداز

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف فیصل آباد تشریف لائیں’ ان کا دورہ بڑی اہمیت کا حامل رہا جس کے دوران انہوں نے فیصل آباد یونیورسٹی آف ایگریکلچر میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایگریکلچر گریجوایٹ انٹرن شپ پروگرام لانچ کر دیا اور اعلان کیا کہ ایک ہزار ایگریکلچر گریجوایٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے سکالرشپ دیا جائیگا، وزیرعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے ایگریکلچر گریجوایٹس طلباء وطالبات میں اپوائنمنٹ لیٹر تقسیم کئے، اساتذہ سے ملاقاتیں کیں اور طلبہ نے سیلفیاں بھی بنوائیں، مجھے یہ سب کچھ بہت اچھا لگا مگر اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مخلص کارکن بھی بہت یاد آئے، کاش انہیں بھی اہمیت دی جاتی اور محترمہ مریم نواز شریف ان کے ساتھ ملاقاتیں کرتیں، وہ بھی اپنی قائد کے ساتھ سیلفیاں بناتے اور ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ اور پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے کارکن خوشی سے نہال نظر آتے’ وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر آفس میں خطاب کے دوران بتایا کہ فیصل آباد میں اگلا آئی ٹی سٹی اور بین الاقوامی معیار کا سفاری پارک بنایا جائے گا، اگلے سال سے میٹروبس پراجیکٹ بنے گا، فیصل آباد شیخوپورہ روڈ کی اپ گریڈیشن ہو گی، فیصل آباد سیف سٹی اگلے جون میں مکمل کر لیا جائیگا، فیصل آباد رنگ روڈ مکمل کر لیا گیا ہے، محترمہ مریم نواز شریف کے ان اقدامات سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ وہ فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں تعمیر وترقی کے ریکارڈ منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے عوام کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہیں، طلباء وطالبات کی بہتری کیلئے ان کی جانب سے اٹھائے جانیوالے بھرپور اقدامات قابل تحسین ہیں، فیصل آباد میں میٹروبس پراجیکٹ بنانا بھی عوام کے لیے آسانیاں فراہم کرنا مشن کا حصہ ہے اور انہوں نے مثالی کارکردگی کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ وہ عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار حکمران ہیں، فیصل آباد میں میٹروبس منصوبے کے لیے بجٹ کی منظوری دیدی گئی ہے، اس اقدام کا مقصد فیصل آباد کے لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہے، فیصل آباد میں یہ پہلا بڑے پیمانے پر پبلک ٹرانسپورٹیشن سسٹم ہو گا، جس سے شہریوں کیلئے سفری آسانیاں پیدا ہونگی، محترمہ مریم نواز شریف نے دورہ فیصل آباد کے موقع پر اعلان کیا کہ ہم نے پاکستان کے سب سے بڑے 400 ارب روپے کے تاریخی کسان پیکج پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے، اﷲ کرے یہ کسان پیکج ملک میں سبز انقلاب لانے کا ذریعہ بنے، ملک میں زرعی اجناس کی پیداوار بڑھے اور ہم اس میں خود کفیل ہوں بلکہ زرعی اجناس کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ حاصل کریں، یہ بات خوش آئند ہے کہ ابھی تک 50ہزار کسانوں کو کارڈ مل چکے ہیں اور یہ سلسلہ جس جوش وجذبہ سے جاری ہے اس سے یہ بات یقینی ہے کہ کسانوں کو کسان کارڈ سے بھرپور استفادہ حاصل ہو گا، محترمہ مریم نواز شریف کا دورہ فیصل آباد کے دوران یہ بھی کہنا تھا کہ نوجوانوں کے نعرے لگانے والے یہاں بڑے آئے مگر جو کام ہم نے کیا وہ کسی نے نہیں کیا، میں نے 90 فیصد پڑھے لکھے لوگ اپنی حکومت میں شامل کئے، 6 سال میں ایک نوجوان کو میرٹ پر نوکری نہیں ملی تھی، ہم نے چھ ماہ میں ایک ہزار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کیں، یہاں بیٹھا ایک نوجوان بھی سفارش پر بھرتی نہیں ہوا، سو فیصد میرٹ پر بھرتی ہوئے، مجھے بھی لوگوں نے بھرپور سفارش کی مگر ہم نے میرٹ کو ترجیح دی، محترمہ مریم نواز شریف نے دورہ فیصل آباد کے دوران جو باتیں کیں اور شہر کی تعمیر وترقی اور عوامی بھلائی کے جن منصوبوں کا اعلان کیا، ان سے عوام کو جدید سہولتیں میسر آئیں گی، لوگ یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات سے پنجاب حکومت مزید مضبوط ہو گی مگر پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی بھی ضرورت ہے اور ان کے دورہ فیصل آباد کے دوران بھی لیگی کارکنوں کو نظرانداز کیا گیا، اس دورے کو فیصل آباد کی تعمیر وترقی کے حوالے سے بڑا اہم قرار دیا جائے تو بیجا نہ ہوگا مگر انہیں اس بات پر بھی مکمل توجہ دینا چاہیے کہ فیصل آباد جسے مسلم لیگ (ن) کا مضبوط ترین اور ناقابل تسخیر قلعہ کہا جاتا رہا، وہاں اب ان کی پارٹی کہاں کھڑی ہے، میں نے اپنے گزشتہ کالم میں لیگی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا ذکر کیا تھا اور محترمہ مریم نواز شریف کے دورہ فیصل آباد کے دوران ایک بار پھر اسی طرز عمل کا مظاہرہ کیا گیا’ اس سے یہ باتیں سچ ثابت ہوئی ہیں کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو اہمیت نہیں دی جا رہی ہے، وفاق اور پنجاب میں حکومتی کارکردگی قابل قدر ہے، مگر حکمران جماعت کے کارکنوں کو ان کا وہ مقام دینے پر توجہ دی جا رہی جس کے وہ حقدار ہیں، لیگی قائدین کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ مخلص’ محنتی اور قربانی کے جذبہ سے سرشار کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے سیاسی کارکنوں نے ہمیشہ قابل تحسین جدوجہد کی ہے، اپنے قائدین کی ہر کال پر لبیک کہنا سیاسی کارکنوں کا شیوہ ہے، دور آمریت میں ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہیں جیل کی سلاخوں’ مارپیٹ اور بھوک وافلاس کی بھی پرواہ نہیں ہوتی، وہ پارٹی کے لیے اپنی جان تک وقف کر دیتے ہیں مگر جب اقتدار میں آ کر ان کارکنوں کو نظرانداز کرنا شروع کر دیا جائے تو یہ بات قطعی نامناسب ہوتی ہے اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے دورہ فیصل آباد کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مخلص اور جانثار کارکنوں کو ایک بار پھر نظرانداز کر دیا گیا اور صرف اشرافیہ کے لوگ’ موجودہ وسابق ممبران اسمبلی وپارٹی ٹکٹ ہولڈر ہی ان کے قریب نظر آئے یا پھر وہ لوگ ان کے قریب دیکھے گئے جو سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیری مہم چلاتے ہیں جبکہ پارٹی کارکنوں کو نظرانداز کر دیا گیا جس پر وہ نالاں ہیں’ ضرورت اس امر کی ہے کہ محترمہ مریم نواز شریف اور دیگر لیگی قائدین اپنے کارکنوں کی ناراضگی مول نہ لیں اور انہیں ان کا وہ جائز مقام دیا جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں