32

آئی فون صارفین کیلئے ایپل انٹیلی جنس ٹول متعارف

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے اے آئی فیچرز متعارف کروا دیے۔کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ایپل انٹیلی جنس ٹول اور دیگر اپ ڈیٹس کا ایک سلسلہ اب آئی فون، آئی پیڈ اور میک صارفین کے لیے دستیاب ہے۔کمپنی کی جانب سے متعارف کروائے گئے ان فیچرز میں تحریر کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے اے آئی پاورڈ رائٹنگ ٹولز، سب سے اہم نوٹیفکیشنز کی نشاندہی کرنے والا ٹول اور تصاویر میں موجود نقص کو ختم کرنے کے لیے کلین اپ ٹول شامل ہے۔ایپل کی جانب سے لیا جانے والا یہ قدم آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی دنیا میں کمپنی کا پہلا قدم ہے۔کمپنی نے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 18.1جاری کیا ہے جس کے بعد صارفین مخصوص آئی فونز میں اے آئی فیچرز استعمال کر سکیں گے۔ایپل کے اے آئی فیچرز آئی فون 16 سیریز کے تمام فونز، آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس کے لیے متعارف کروائے گئے ہیں۔ایپل کے سی ای او ٹم کک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایپل انٹیلی جنس نے آئی فون، آئی پیڈ اور میک کے لیے ایک نیا دور متعارف کروا دیا ہے جو نئے تجربات اور ٹولز فراہم کرتا ہے اور یہ نیا دور ہمارے صارفین کی سوچ کو بالکل بدل کر رکھ دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں