ممبئی /لاہور (سپورٹس نیوز) آسٹریلیا سے جیت کی خوشی کیساتھ ہی بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی ممکنہ منسوخی سے پاکستان اور بھارت دونوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ بھارت نے آئندہ برس پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعوی کہ اس فیصلے سے بی سی سی آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا ہے اور پی سی بی کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری بھی مل گئی ہے ۔ رپورٹ کے رد عمل میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ انکار کی کوئی اطلاع ملی ہے اور نہ ہی ہائبرڈ ماڈل پر بات ہوئی ہے ، کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہئے ، بھارت نے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے پاکستان میں سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے اور وہ اپنے ٹیم کے میچز دبئی میں کھیلنا چاہتا ہے۔بھارتی خبر رساں ایجنسی کی ایک رپورٹ کے حوالے سے خبر میں یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایڈجسٹمنٹ کرنے پر اتفاق کیا ہے اور چیمپئنز ٹرافی 2025 سے ایک ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے پرانے موقف پر قائم ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی اور فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان ہی میں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ دو ماہ سے بھارتی میڈیا پر خبریں آ رہی ہیں کہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لئے پاکستان نہیں آ رہے، لیکن اس حوالے سے اب تک بھارت کی جانب سے انکار کا کوئی باضابطہ لیٹر یا اطلاع مجھے یا پی سی بی کو نہیں دی گئی ہے۔ کوئی ایسی چیز آتی ہے تو اپنی حکومت سے بات کروں گا اور پھر حکومت جو کہے گی اس پر عمل کریں گے۔ میں چاہتا ہوں کرکٹ سیاست سے پاک ہو، کوئی بھی ملک ہو، اختلاف اپنی جگہ لیکن کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے اور کسی بھی ملک کو کرکٹ پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ میں ابھی تو کہہ نہیں رہا کہ میں سخت ہوں لیکن جب وقت آئے گا، تو پتہ چل جائے گا۔ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں اب تین ماہ کا وقت رہ گیا ہے لیکن انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ابھی تک ٹورنامنٹ کے شیڈول کے اعلان نہیں کیا ہے۔بھارتی میڈیا ایک بار پھر دعوی کررہا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتی ہیاور ٹورنامنٹ ہائی برڈ ماڈل کے تحت ہوگا۔ بھارتی ٹیم کے میچ دبئی اور شارجہ میں ہوں گے۔محسن نقوی نے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کا دورہ اور اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ہم سے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی، اگر بی سی سی آئی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے پر اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کسی ہائبرڈ ماڈل پر غور نہیں کر رہا ہے ذرائع پی سی بی ہائبرڈماڈل کے حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ۔بھارتی میڈیا چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اس وقت افواہیں پھیلارہا ہے پی سی بی کے مطابق ابھی تک کوئی ہائبرڈ ماڈل کی بات نہیں ہوئی ہے نہ کسی آئی سی سی اجلاس میں ، نہ آئی سی سی وفد سیاس بارے میں کوئی بات ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا بھی ہائبرڈماڈل کی خبریں کسی بھارتی حکومتی ذمہ داریا بھارتی بورڈ کے حوالیسے نہیں دیرہا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیمپئینز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے لیے تیار ہے ۔ٹورنامنٹ میں بھارت کے میچ متحدہ عرب میں ہونے کا امکان ہے۔پاکستان نے ٹورنامنٹ کے میچ لاہور،کراچی اور پنڈی میں کرانے کا اعلان کررکھا ہے اور ان شہروں کے اسٹیڈیم پر14ارب روپے کی خطیر لاگت سے تعمیراتی کام ہورہا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ موجودہ سماجی و سیاسی ماحول اور بھارتی ٹیم کے لیے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔پاکستان نے آخری ٹورنامنٹ جس کی میزبانی کی تھی وہ 2023 میں ایشیا کپ تھا،جو ہائی برڈ ماڈل پر کرایا کیا گیا تھا جس میں بھارت نے سری لنکا میں اپنے میچ کھیلے تھے کیونکہ حکومت نے کھلاڑیوں کے سرحد پار پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔اس کے فوری بعد پاکستانی ٹیم نے اکتوبر نومبر میں بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلا تھا۔عام طور پر آئی سی سی ٹورنامنٹ کے آغاز سے 3یا 4ماہ پہلے شیڈول کا اعلان کرتا ہے، مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024کے شیڈول کا اعلان 4ماہ پہلے جنوری میں کیا گیا، اسی طرح، مینز ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان 3 ماہ پہلے جون میں ہوا تھا۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں میزبان پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔1996کے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد پاکستان پہلی بارآئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت کے تمام میچز ایک ہی شہر میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ لاہور میں واہگہ بارڈر کی وجہ سے میچز رکھے گئے ہیں تاکہ بھارتی شہری ان میچوں کو دیکھنے پاکستان آسکیں بھارتی تماشائیوں کے لئے آسان ویزہ پالیسی بنانے کی بھی تجویز ہے۔
6