20

غزہ میں اسرائیلی بربریت کے400دن مکمل،43ہزار فلسطینی شہید

غزہ: (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی اور یک طرفہ جنگ کو 400دن مکمل ہو گئے لیکن فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ تھم نہ سکا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید 40فلسطینی شہید ہو گئے، صیہونی فورسز کے حملوں میں اب تک 43ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، ایک سال سے کم عمر 825بچوں سمیت شہدا میں 17ہزار 385بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شہدا میں 12ہزار خواتین اور 12ہزار 700طالب علم بھی شامل ہیں، اسرائیلی بربریت میں ایک ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز شہید ہوئے، 10ہزار فلسطینی لاپتا جبکہ 20لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں اب تک تقریبا 86ہزار ٹن دھماکا خیز مواد گرایا گیا ہے۔ادھر فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف یروشلم میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے فلسطین میں جاری قتل عام فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر جنگ بندی کے لیے ثالثی کے کردار سے پیچھے نہیں ہٹا، قطر حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے مزید کوشش جاری رکھے گا، قطر بطور ثالث کردار کی آڑ میں بلیک میل بھی نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں