60

ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 3افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری روڈ پل کوریاں اور چک جھمرہ بانگے والا سٹاپ کے قریب ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ دو لڑکیاں بری طرح زخمی ہو گئیں، ریسکیو1122 نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 142 رب کا رہائشی 57سالہ ارشد علی ولد محمد رمضان اپنی اہلیہ 37سالہ شمائلہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شہر کی طرف آ رہا تھا کہ جب وہ بانگے والا سٹاپ کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے میاں بیوی بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔ جبکہ دوسرا حادثہ سمندری روڈ پر پل کوریاں کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار لڑکیوں کو ٹکر مار دی، موٹرسائیکل سوار دو بہنیں 18سالہ رمشا دختر سلیم’ 17سالہ نادیہ دختر سلیم اور انکی کزن 18سالہ سعدیہ دختر اسلم بری طرح زخمی ہو گئیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے متاثرہ لڑکیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں پر 18سالہ رمشا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں