56

فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 14واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 14واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا۔ سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس سدرہ سلیم، ڈپٹی سیکرٹری لبنی اور ڈپٹی سیکرٹری حماد الرب نے شرکت کی۔ وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر. فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چوہدری، فیکلٹی ممبران، اراکین پنجاب اسمبلی، ایڈیشنل سیکرٹری ایچ ای سی و دیگر سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے 13 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں اور عملدرآمد رپورٹ کی منظوری دے دی۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کو ڈائیبٹولوجی، فیملی میڈیسن، ڈرماٹولوجی اور ایستھیٹک کے شعبہ جات میں پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ پروگرامز کے آغاز اور سیٹیں مزید بڑھانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران ریسپائریٹری تھیریپی کے شعبہ میں بی ایس پروگرام کو شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ بی ڈی ایس میں انٹیگریٹڈ ماڈیولر کریکولم متعارف کرا دیا گیا جس کی منظوری بھی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے اجلاس میں دی گئی جبکہ بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری نے کہا کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔ ایف ایم یو سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرز دنیا بھر میں پاکستان اور فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا نام روشن کر رہے ہیں۔ الائیڈ ہسپتال ون، الائیڈ ہسپتال ٹو اور جنرل ہسپتال غلام محمد آباد عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ہسپتالوں میں حکومت پنجاب کی وضع کردہ پالیسیوں کے مطابق مریضوں کا علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔ حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں