63

یورپ کیلئے PIA پروازوں کی بحالی’ خوش آئند پیش رفت (اداریہ)

یورپی ائیرسیفٹی ایجنسی (ایاسا) اور یورپی کمیشن نے قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کی یورپ کیلئے پروازوں پر عائد پابندیاں اٹھالی ہیں، معطل ٹی سی او اجازت نامہ کی بحالی سے قومی ائیرلائن کے یورپی ملکوں کے روٹ بحال ہو گئے ہیں، ترجمان پی آئی اے کے مطابق گزشتہ چار سال کی انتھک محنت کے بعد یہ اہم سنگ میل عبور کیا ہے، قومی ائیرلائن کی انتظامیہ ایاسا اور ان کے قوانین اور ضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گی، یورپی ائیرسیفٹی ایجنسی اور یورپی کمیشن نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی پر عائد سفری ختم کرتے ہوئے دیگر نجی ائیرلائن آپریٹرز کو بھی یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنیکی اجازت دیدی ہے، ان پابندیوں کے خاتمے کیساتھ ہی برطانیہ اور دیگر ممالک کی جانب سے بھی عائد پابندیاں ختم ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں سے پابندی اٹھانے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کا مظہر ہے، پابندی اٹھنے سے پی آئی اے کی ساکھ مستحکم ہو گی اور اسے مالی طور پر بھی فائدہ ہو گا، بلاشبہ! یورپی ائیرسیفٹی ایجنسی (ایاسا) اور پورپی کمیشن کی طرف سے پی آئی اے پر یورپ کیلئے عائد پابندیاں ختم ہونا ایک خوش آئند پیشرفت ہے جس سے یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے آسانی پیدا ہو گی، یہ کامیابی وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ’ بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات کے مطابق حفاظتی نگرانی یقینی بنانے سے ممکن ہوئی، اب پی آئی اے کا یورپ کیلئے آپریشن جلد بحال ہو جائے گا اور پاکستانی اب یورپی سیکٹرز پر دوبارہ اپنی قومی ائیرلائن پر سفر کر سکیں گے، وفاقی وزیردفاع وہوابازی خواجہ محمد آصف کا یہ کہنا بھی نوید مسرت ہے کہ ایاسا نے اپنے مکتوب میں وزارت ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو پابندیاں ختم کئے بارے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور ایاسا کی طرف سے پی آئی اے کی ٹیم اور انتظامیہ کو ان کے سخت ترین سٹینڈرڈز پر پورے اترنے پر مبارکباد دی گئی ہے، پوری قوم کو اس بات سے خوشی ملی ہے کہ یورپی ائیرسیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے قومی ائیرلائن (پی آئی اے) پر پابندیاں اٹھالی ہیں، واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے PIA کی یورپ کیلئے پروازوں پر پابندی کے خاتمے کو کامیاب پالیسیوں کا مظہر قرار دیا ہے اور وہ قومی اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس کو ایک لاکھ پوائنٹس سے متجاوز کرنے پر بھی اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنا پوری قوم کے لیے خوشی کا باعث بنا ہے، دوسری جانب ملکی تاریخ میں پہلی بار کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی روز میں 4ہزار 695 پوائنٹس کے اضافہ سے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا’ 17ماہ کے دوران مارکیٹ میں 60ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار ہے اور جمعہ کو ایک لاکھ پوائنٹس کی حد بھی عبور کر لی گئی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس ایک لاکھ ایک ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جو حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے، اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام کے اقدامات قابل تحسین ہیں، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کے ساتھ ساتھ یورپ کیلئے قومی ائیرلائن کی پروازوں پر پابندی کا خاتمہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا نتیجہ ہے اور اس کے مثبت اثرات سے پوری قوم کے لیے آسانیاں پیدا ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں