48

بروقت ادائیگیاں نہ کرنے جیسا سنگین مسئلہ انڈسٹری میں عام ہوچکا ہے،رمشا خان

لاہور (شوبز نیوز) مقبول اداکارہ رمشا خان اور خوشحال خان نے شوبز انڈسٹری میں وقت پر معاوضہ نہ دیے جانے کے معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ بر وقت ادائیگیاں نہ کرنے جیسا سنگین مسئلہ انڈسٹری میں عام ہوچکا ہے۔رمشا خان اور خوشحال خان نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے حال ہی میں بات کرتے ہوئے جہاں اپنے میگا بجٹ ڈرامے دنیا پور پر کھل کر بات کی، وہیں دونوں نے شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کو بروقت معاوضہ نہ دیے جانے پر بھی لب کشائی کی۔دونوں اداکاروں نے کسی کا نام لیے بغیر انڈسٹری والوں کو اپیل کی کہ اداکاروں کو معاوضے کی فراہمی کو بروقت یقینی بنایا جائے تاکہ بہتر تخلیقی کام ہو سکے۔خوشحال خان کا کہنا تھا کہ اداکار کو بروقت معاوضہ ادا نہ کرنا، ایک طرح سے اداکار کی بے عزتی کرنا ہے، اس لیے معاوضے کی فوری ادائیگی ہونی چاہیے۔رمشا خان اور خوشحال خان کا کہنا تھا کہ بروقت ادائیگیاں نہ کرنا انڈسٹری میں اس قدر عام ہوچکا ہے کہ اداکاروں کو اپنی عزت نفس مجروح ہونے کا احساس ہونے لگا ہے اور انہوں نے مختلف مالی مسائل پر سمجھوتے کرنا شروع کردیے ہیں۔خوشحال خان کے مطابق جب اداکار اپنا 110 فیصد دیتے ہیں تو انہیں ادائیگیاں بھی فوری کی جانی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ بروقت معاوضہ نہ ملنے پر اداکار اپنے شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کو حقیقی کام کے بجائے اپنی تفریح سمجھنے لگے ہیں، جس سے تخلیقی صلاحیتیں متاثر ہو رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں