فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول عثمان اظہر نے پلاسٹک شاپر بیگز کے کاروبار سے منسلک افراد کو متنبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر 10دسمبر سے 75مائیکرون سے باریک شاپر کی تیاری،استعمال وفروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر دکان/کاروباری مرکز سیل اور سامان ضبط کے ساتھ بھاری جرمانہ اور قانونی کارروائی بھی ہوگی لہٰذا اس کاروبار سے وابستہ افراد خبردار ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول کی طرف سے عوامی آگاہی کو تیز کردیا گیا ہے اس ضمن میں تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولی تھین سے متعلقہ کاروبار کو محکمہ تحفظ ماحول سے رجسٹریشن نہ کرانے والوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا لہٰذا فوری رجسٹریشن کرا لیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ10دسمبر سے 75مائیکرون سے کم وزن شاپر بیگز استعمال نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کم وزن شاپر بیگز نہ خریدیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔دریں اثنا ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول نے کاروباری تنظیموں کے عہدیداران سے میٹنگ کی اور انہیں پابندی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 9دسمبر 75مائیکرون سے کم وزن پلاسٹک شاپر بیگز کے استعمال کا آخری دن ہے لہٰذا پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ ایکشن کی نوبت نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ اقدامات سے ہی ماحول کو تروتازہ رکھا جاسکتا ہے۔
5