7

سرجیکل انڈسٹری کے مسائل حل کرنیکی یقین دہانی

لاہور (بیوروچیف) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ذیشان طارق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں سرجیکل انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت ہوئی ۔ چئیرمین سیماب نے سرجیکل انڈسٹری کیلئے علیحدہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجویز دی اور کہا کہ عالمی معیارات پر پورا اترنے کیلئے،سرجیکل انڈسٹری کیلئے الگ انڈسٹریل اسٹیٹ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ سرجیکل انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق خواتین ورکرز کیلئے جدید کورسز متعارف کروائے جائیں۔وفد کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ سیالکوٹ میں مجوزہ سرجیکل سٹی کے قیام میں حائل رکاوٹیں جلد دور کی جائیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد کی سرجیکل انڈسٹری کیلئے الگ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آلات جراحی کی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔سرجیکل انڈسٹری کو ایک جگہ منتقل کرنے کیلئے علیحدہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سرجیکل انڈسٹری کی مشاورت سے سیالکوٹ میں ٹیوٹا کے ادارے کو آپ گریڈ کیا جائے گا اور انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق خواتین ورکرز کے لئے کورسز بنائے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں سالوں سے پڑھائے جانے والے پرانے کورسز بدل دیئے ہیں اور نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرائی گئی ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سرجیکل انڈسٹری کے فروغ سے روزگار کے مواقع بڑھائے جاسکتے ہیں اس لئے اس انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔وفد میں سابق چیئرمین سیماب محمد یوسف حسن باجوہ،بلال تنویر اور دیگر شامل تھے۔ایڈشنل سیکرٹری کامرس،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں