فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ لطیف گارڈن میں معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ریت بجری کا کاروبار کرنیوالے کو زخمی اور اس کے گن مین کو موت کے گھاٹ اتار دیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ لطیف گارڈن بھاگیوال روڈ پر سکندر ولد شفیق نے ریت بجری کی دکان بنا رکھی ہے اس کا اسٹیٹ ایجنسی کے مالک گلفام باجوہ سے معمولی جھگڑا ہو گیا تو گزشتہ شام سکندر ولد شفیق اپنے گن مین سعید وزیر احمد خان ولد ولی خان سکنہ درہ آدم خیل کے ہمراہ گاڑی پر جا رہے تھے کہ راستے میں گلفام باجوہ نے ساتھیوں کے ہمراہ ان کو روکا’ گن مین سعید احمد وزیر خان نیچے اترا تو گلفام باجوہ نے اسکو گولیاں مار کر زخمی کر دیا، اسی دوران سکندر کار سے باہر آیا تو گلفام باجوہ اور اس کے ساتھیوں ارباز خان عرف کاکا اور طارق وغیرہ نے فائرنگ کر کے سکندر کو بھی بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا دیا۔ جبکہ سکندر کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔
7