اسلام آبا د(بیوروچیف)پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر دنیا میں جاری جبر، دہشت گردی، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کرتی ہوں، آج دنیا کے کئی ممالک میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہائی تکلیف دہ ہیں،بالخصوص فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، آج فلسطین کی حالت دیکھیں تو دل خون کے آنسو روتا ہے،پورا کا پورا غزہ قبرستان،جبکہ اسپتال کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں، صیہونی فوج کی بربریت کے سبب خواتین اور معصوم بچوں سمیت اب تک 44 ہزار 612 فلسطینیوں کی زندگیوں کا چراغ گل جبکہ 1 لاکھ 5 ہزار 834 زخمی ہوچکے ہیں،اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 180 سے زائد صحافی، اور اقوام متحدہ کے رضاکاروں کی بڑی تعداد میں ہلاکت افسوسناک ہے، غزہ میں سرد ترین موسم میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے 20 لاکھ سے زائد افراد خوراک اور صاف پانی کی کمی کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھی عالمی توجہ کی منتظر ہیں، شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج انسانی حقوق کو پیروں تلے روند رہی ہے،نام نہاد جمہوریت کے دعوے دار بھارت کے ہاتھوں 75 سالوں میں اب تک ڈھائی لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے،فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ریاستی دہشت گردی پر دنیا کی خاموشی بڑا لمحہ فکریہ ہے،ہمیں عدم مساوات اور ناانصافی سے پاک معاشرے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے،پاکستان اقوام عالم میں تمام تر حل طلب تنازعات کے پر امن اور پائیدار حل کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بلاتفریق مذہب، رنگ ونسل انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ر ہے گا،دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ امن تب ہی قائم رہ سکتا ہے جب انسانی حقوق کا احترام کیا جائے،انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے دنیا کو فکری، قانونی اور سماجی سطح پر جامع حکمتِ عملی کے نفاذ کو یقینی بنانا ہو گا۔#/s#
5