34

مخالفین کی کار پر فائرنگ،ایک ہی خاندان کے 3افراد قتل،2زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 275 ج ب پینسرہ کے قریب پرانی دشمنی کی بناء پر آتشیں اسلحہ سے لیس مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے کار سوار باپ بیٹے اور دوسرے بھائی کو قتل جبکہ گولیاں لگنے سے تیسرا بھائی اور کزن بری طرح زخمی ہو گئے، حملہ آور ہوائی فائرنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے’ تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کا علم ہوتے ہی ایس ایچ او سمیت اعلیٰ پولیس افسران اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی’ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں’ آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر عابد خان نے تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد کامران عادل سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ 83 ج ب کا رہائشی 38سالہ شہزاد ولد عبدالرزاق’ اپنے بھائی 40سالہ امتیاز ولد عبدالرزاق’ 14سالہ بھتیجے عاشر ولد شہباز’ دوسرے بھائی 52سالہ فاروق ولد عبدالرزاق اور کزن 59سالہ محمد شفیق ولد محمد نذیر کے ہمراہ کار پر سوار ہو کر 83ج ب سے پینسرہ کی طرف جا رہے تھے کہ جب وہ اڈا پینسرہ سے 81ج ب پنڈوری کے قریب پہنچے تو وہاں پر پہلے سے موجود گھات لگائے مخالفین یاسر ولد مشتاق گجر وغیرہ نے کار پر آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے کار میں سوار پانچوں افراد بری طرح زخمی ہو گئے تو ملزمان ہوائی فائرنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچی تو کار سوار 40سالہ شہباز ولد عبدالرزاق’ اس کا 14سالہ بیٹا عاشر ولد شہباز اور بھائی 38سالہ شہزاد ولد عبدالرزاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکے تھے جبکہ تیسرا بھائی 52سالہ فاروق ولد عبدالرزاق اور ان کا کزن 59سالہ محمد شفیق ولد نذیر احمد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او کامران عادل’ ایس ایس پی انوسٹی گیشن’ ایس پی مدینہ ٹائون’ ڈی ایس پی’ ایس ایچ او اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر نعشوں کو قبضہ میں لے لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین کی یاسر گجر وغیرہ سے پرانی دشمنی اور مقدمہ بازی چلی آ رہی تھی۔ تاہم سی پی او کامران عادل نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دیکر قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ پولیس قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں