فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ناظم آباد مین روڈ جامعہ مسجد فاروقیہ کے قریب سیوریج پائپ لائنز کی مرمت و بحالی شروع کر دی گئی ہے۔اس ضمن میں واسا ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ ناظم آباد مین روڈ جامع مسجد فاروقیہ رضویہ کے قریب سیوریج پائپ لائن تین مختلف مقامات سے ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سیوریج آپریشنز متاثر ہو رہے تھے تاہم اطلاع ملنے کے فوری بعد ایم ڈی واسا عامر عزیز نے سیوریج پائپ لائن کی مرمت و بحالی کی ہدایت کردی تھی جس پر واسا انجینئرز نے سیوریج لائن کی مرمت کے کام کا آغاز کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ٹوٹنے والی سیوریج لائن کی جلد مرمت اور بحالی کے بعد سیوریج آپریشنز شروع کردئیے جائیں گے جس سے متعلقہ علاقہ میں سیوریج مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کیلئے ہمہ تن کوشاں ہیں جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
5