فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ماموں کانجن کے علاقہ طارق کالونی میں شادی شدہ خاتون کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر اندھے قتل کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ طارق کالونی کی رہائشی 20سالہ ثوبیہ اسلم کی شادی وہاں کے مقامی سکول ٹیچر حماد سے تقریباً پانچ سال قبل ہوئی تھی اور ان کے ہاں کوئی اولاد نہ ہوئی۔ جبکہ ثوبیہ کا شوہر حماد گورنمنٹ ہائی سکول میں ڈیوٹی پر گیا ہوا تھا۔ جب وہ گھر آیا تو اسکی اہلیہ کے گلے میں دوپٹہ لپٹا ہوا تھا اور وہ چارپائی پر بے ہوشی کی حالت میں پڑی تھی، جس پر اس نے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا تو جہاں پر ڈاکٹروں نے اسکی موت کی تصدیق کر دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا اور اندھے قتل کا سراغ لگانے کیلئے مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔
3