فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او فیصل آباد کامران عادل نے ناقص کارکردگی’ فرائض میں غفلت کا مظاہرہ اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کی پاداش میں ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی انسپکٹر عبدالجبار اور سب انسپکٹر طفیل احمد کو معطل کر کے کلوز ٹو لائن کر دیا۔ تفصیل کے مطابق سی پی او نے عوامی شکایات پر ایس پی اقبال ٹائون عابد ظفر کو ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی عبدالجبار اور سب انسپکٹر محمد طفیل کے خلاف انکوائری کر کے رپورٹ کرنے کا حکم دیا تو دوران انکوائری دونوں تھانیدار قصوروار پائے گئے۔ جس پر سی پی او نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اور فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی اور سب انسپکٹر طفیل احمد کو معطل کر دیا۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے پولیس افسران وملازمین کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ عوام کے جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
3