فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔کمشنر سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرتحصیل چک جھمرہ کے دوردراز دیہات بیراں والا بنگلہ چک 42ج۔ب میں عوامی کھلی کچہری لگانے پہنچ گئے۔دیہاتوں میں کھلی کچہری لگانے کا سلسلہ چک 42ج۔ب سے شروع کیا ہے جس کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے گائوں کے روایتی ماحول چارپائی پر بیٹھ کر عوامی مسائل تحمل مزاجی سے سن کر ان کے حل کے لئے محکموں کو ایک ہفتہ کا وقت دیا۔کمشنر نے کہا کہ شہری اپنے مسائل بلاجھجھک اور بلارکاوٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ دوردراز علاقوں اور بالخصوص دیہاتوں میں کھلی کچہریوں لگانے کا مقصد عوام الناس سے رابطوں کو پروان اور ان کے مسائل دہلیز پر سن کر ان کا قابل عمل حل نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو دفاتر کے چکر لگوانے کا طریقہ کار ختم کررہے ہیں۔شہریوں کے درمیان بیٹھنے سے بیشتر مسائل ختم ہوتے ہیں تاہم انتظامیہ شہریوں کو ہر شعبہ میں ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔کمشنر نے کھلی کچہری میں درخواست گزاروں کی نشاندہی پر درخت چوری کے واقعہ کی جامع انکوائری کرانے،کسانوں کو ٹیل تک نہری پانی کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا۔کمشنر نے محکمہ انہار سے ڈی سلٹنگ ہونے کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کسانوں کو نہری پانی نہ ملنے کی وجوہات دریافت کیں اورکہاکہ ان مسائل کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے ایس ڈی او انہار اور اے سی چک جھمرہ کو مشترکہ وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے بتایا کہ چک جھمرہ میں جنوری سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا آٹ سورس نظام آرہا ہے۔آٹ سورسنگ سے گلی محلے دیہات شہر سب صاف ہونگے۔کمشنر نے قبضہ مافیا کو نکیل ڈالنے اور سرکاری اراضی کو قابضین سے واگزار کرانے کی سخت ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ قبرستان کی جگہ پر قبضہ سے متعلق شکایت کا فی الفور ازالہ کیا جائے اور سکول کی چاردیواری کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دیہات کے سکول میں واش رومز تعمیر کرائیں جبکہ ضلع کونسل کی ڈسپنسری میں ڈسپنسر کو وقت کا پابند بنانے کی ہدایت بھی کی۔کمشنر نے سائل کی درخواست پر بچوں اور بچیوں کے لئے الگ الگ سکول پر سی ای او ایجوکیشن سے فزیبلٹی رپورٹ مانگ لی۔انہوں نے دیہاتوں کی ملحقہ سڑکوں کے پیچ ورک کے لئے ہدایات جاری کیں اور بازار میں بجلی کی تاروں کو محفوظ بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے سکول سے ملحقہ سرکاری اراضی کو پلے گرانڈ کے لئے مختص کرنے کا اعلان کیا۔کمشنر نے بعض شکایات پر کھلی کچہری سے غیر حاضر ایکسیئن انہار کو کل ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔چک 188 ر۔ب فلائی اوور کو چک جھمرہ فلائی اوور سے منسوب کرنے کی درخواست پر رپورٹ طلب کی اور سائل کو بتایا کہ جھمرہ شاہکوٹ روڈ کو شوگر سیس فنڈزسے تعمیر کرایا جارہا ہے۔کمشنر نے عوامی نشاندہی پر روڈ سے ملحقہ سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی دکانیں فوری ختم کرانے کی ہدایت کی۔کھلی کچہری میں موجود سائلین نے کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر کی آمد اور مسائل سننے پر شکریہ اداکیا۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے درخواست گزاروں کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
3