جڑانوالہ(نامہ نگار) ڈیوٹیوں سے غائب چالانوں تک محدود وارڈنز حکومتی خزانے پر بوجھ بن گئے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے حادثات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ، شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب، آر پی او فیصل آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ داخلی خارجی راستوں اور اندرون شہر ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے کی ڈیوٹی کرنے کی بجائے ٹریفک وارڈنز چالانوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، دن کے اوقات میں اندرون شہر میں ہیوی گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی کے باوجود گنے سے لوڈ ٹرالیاں،پتھروں سے لوڈ ڈمپر اور ہیوی ٹرالے ٹریفک روانی میں خلل کا باعث بننے کیساتھ ساتھ آئے روز رونما ہونیوالے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی سبب بن رہے ہیں ڈیوٹیوں سے غائب دکھائی دینے والے ٹریفک وارڈنز تصاویر اتار کر افسران بالا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں اور بے ہنگم ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے کی بجائے اپنے دفتر کے سامنے کھڑے ہو کر شہریوں کے چالان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز حکومتی خزانے پر بوجھ بن چکے ہیں اور ٹریفک کے بہا کو کنٹرول کرنے کی بجائے ہیوی گاڑیوں کو اندرون شہر میں داخلے کی اجازت دیکر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اندرون شہر میں داخل ہونیوالی ہیوی گاڑیوں کے باعث حادثات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور آئے روز انسانی جانوں کا ضائع انتہائی تشویشناک امر ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر، آر پی او سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فرائض میں کوتاہی کے مرتکب اور ڈیوٹیوں سے غائب دکھائی دینے والے ٹریفک وارڈنز کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور بے ہنگم ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی طور اقدامات کئے جائیں۔
3