چنیوٹ(نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چنیوٹ میں عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر چنیوٹ، ڈاکٹر قاسم رضا کی سربراہی میں ٹیموں نے بھوانہ اور سٹی کے علاقوں میں آپریشن کیا،جس کے دوران ایک ڈیری یونٹ کو سیل کیا گیا اور چار یونٹس پر 64,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس کارروائی میں بھاری مقدار میں ناقص گوشت اور مصالحہ جات بھی تلف کیے گئے۔علی الصبح ناکہ بندی کے دوران 57 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 7,000 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی۔ ایک ملک کولیکشن سنٹر کو صفائی کے ناقص حالات اور حشرات کی بھرمار پائے جانے پر بند کیا گیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، ایکسپائر اشیا کا خوراک میں استعمال کرنے پر معروف ہوٹلز کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ کولیکشن سنٹر میں موجود ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ کی عدم موجودگی، گندے واشنگ ایریا اور ٹوٹے فرش کی وجہ سے کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ خوراک میں جعلسازی سنگین جرم ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ خوراک کا کاروبار مقرر کردہ قوانین کے مطابق ہی کیا جائے، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔
3