اسلام آباد(بیوروچیف) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ میں نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 17.6فیصد اضافے کے ساتھ 4.02ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.73ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں بہتری اضافے کی بنیادی وجہ قرار دی گئی۔رواں مالی سال میں برآمدات میں مثبت رجحان بین الاقوامی منڈیوں میں اعتماد کی بحالی کی علامت ہے، انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 31فیصد جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 12فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انجینئرنگ کے شعبے میں صنعتی مشینری، ٹرانسپورٹ کا سامان، آٹو پارٹس اور ربڑ کے ٹائروں کی برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے، زیورات اور پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 100فیصد سے لے کر 530فیصد تک غیر معمولی بڑھوتری دیکھی گئی۔ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے برآمدات میں نمایاں اضافے کے باعث ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔
3