اسلام آباد(بیوروچیف) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں سے پاکستان کے دفاع اور دفاعی فیصلوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا امریکا کو اپنے دوٹوک پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دباو کا اثر نہیں ہونے دے گی، امریکا کی پاکستانی میزائل پروگرام پر لگائی گئی پابندیاں غیر ضروری اور نا انصافی پر مبنی ہیں، یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو کمزور نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی مختلف پابندیوں کا سامنا کیا ہے، مگر ملک نے ہمیشہ اپنی سکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا، پاکستان کے میزائل پروگرام سے امریکا کو کوئی خطرہ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں میزائل سسٹمز اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اور بڑی طاقتوں کو بھارت کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے تاکہ اس دوڑ کو روکنے میں مدد ملے۔فوجی عدالتوں سے متعلق یورپی یونین کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتوں میں اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کے حوالے سے پاکستان کے چار اداروں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔
3