فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ باوا چک سیم پل کے قریب اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر محنت کش نوید مسیح کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، خونی ڈاکہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ باوا چک کے قریب علی ٹائون کا رہائشی نوید مسیح ولد انور مسیح اپنے ساتھی ارشد کے ہمراہ لوہاراں والا فیکٹری سے چھٹی کر کے پیدل گھر آ رہے تھے کہ جب وہ سیم پل کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سوار تین مسلح ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر سب کچھ حوالے کرنے کو کہا اور نقدی اور فون چھیننے کے دوران نوید مسیح نے مزاحمت کی تو اتھرے ڈاکوئوں نے فائر کھول دیا گولیاں لگنے سے نوید مسیح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کے ساتھی نے بھاگ کر جان بچائی، ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
3