57

سکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز (اداریہ)

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 23دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ مقابلے میں ایف سی کے 18بہادر جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا آئی ایس پی آر کے مطابق یکم فروری کو ضلع ہرنائی میں ایک آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گیارہ دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے سکیورٹی فورسز نے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 12دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان اور پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں” صدر مملکت’ وزیراعظم نے 18سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے اور جام شہادت نوش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کو سراہا، انہوں نے شہداء کے لیے بلندی درجات اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کی خاطر سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں شرپسندی پھیلانے والے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی بلوچستان کے معصوم عوام کو دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کا پاک فوج کا غیر متزلزل عزم لائق تحسین ہے وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی بلوچستان کے 18جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان کے بہادر سپوتوں نے وطن عزیز کے امن کی خاطر اپنی جانیں قربانیں کیں شہید ہونے والے جوانوں کی بہادری پر فخر ہے شہداء قوم کے ہیرو ہیں،، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں ایف سی کے 18بہادر جوانوں کی شہادت پر پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کیلئے ہماری بہادر افواج اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے جوان وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے پوری طرح چوکس ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ان کو جہنم واصل کرنے میں مصروف ہیں پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی شہ پر بعض عناصر اپنے ملک میں افراتفری پھیلانے میں مصروف ہیں افغانستان میں بھی کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے ٹھکانے بنائے ہوئے ہیں اور سرحد پار کر کے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کر رہے ہیں پاکستان نے اس حوالے سے افغانستان کو آگاہ کیا اور ان کے خلاف کارروائی کیلئے بھی کہا مگر افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے اس کا نوٹس نہیں لیا افغانستان سے سرحد پار کر کے پاکستان میں گھسنے والے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز برسرپیکار ہیں اور ان دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا رہی ہیں جبکہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے گرد بھی شکنجہ کسا جا رہا ہے افواج پاکستان کا یہ عزم ہے کہ اپنے وطن میں کسی بھی دہشت گرد کا وجود باقی نہیں رہنے دیں گے دشمن قوتوں کی ایماء پر دہشت گردی کا مقصد بلوچستان کا پُرامن ماحول خراب کرنا تھا گھنائونے فعل کے مرتکب سہولت کاروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے گا بلوچستان چونکہ بہت جلد عالمی تجارتی کا مرکز بننے جا رہا ہے یہ بات پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی اور وہ بلوچستان میں افراتفری پھیلا کر عوام کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں استحکام پاکستان کے دشمن چاہے جتنی بھی کوششیں کر لیں ہمارے وطن کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے یہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا اس میں کوئی شک نہیں کہ افواج سمیت تمام سکیورٹی فورسز نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارجیوں کو نیست ونابود کیا جا رہا ہے اور یقینی طور پر جب تک اس فتنے سے پاک سرزمین کو صاف نہیں کر دیا جاتا قوم اور افواج پاکستان سکون سے نہیں بیٹھے گی سہولت کاری کرنے والوں کو بھی انجام تک پہنچایا جائے گا، انشاء اﷲ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں