8

زرعی یونیورسٹی میں 12 ممالک کے طلبہ زیر تعلیم ہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی طلباء سے نہ صرف مختلف ثقافتوں، رہن سہن، سوچ و افکار سے ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ گلوبل نیٹ ورکنگ، تعلیم و تحقیق کے میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوکر ترقی کی نئی راہیں کھلتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفس آف بین الاقوامی طلباء ایڈوائزر کے زیراہتمام بین الاقوامی طلباء کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں 12 ممالک سے زائد بین الاقوامی طلباء زیرتعلیم ہیں جن میں چین، افغانستان، بنگلہ دیش، بینن، کینیڈا، ملائیشیائ، صومالیہ، سری لنکا، شام، ٹوگو، یو کے، ایران و دیگر ممالک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بین الاقوامی طلباء مختلف سکالرشپ بشمول جرمن سکالرشپ ڈاٹ، علامہ محمد اقبال سکالرشپ برائے افغانستان و سری لنکا،او آئی سی سکالرشپ برائے ترقی پذیر ممالک، ڈی اے ایف آئی، جرمن اکیڈمک رفیوجی فنڈ کے تحت زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے رہنے والے طلباء جب ایک جگہ پر اکٹھے ہوتے ہیں تو انہیں نہ صرف نئے زاویوں سے سوچنے کے مواقع میسر آتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ گلوبلائزیشن بھی پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں بین الاقوامی شراکت کاری سے مرکز برائے اعلیٰ تعلیم، چائینز کنفیوشش سنٹر، پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر اور سیڈ سنٹر قائم کئے گئے ہیں جس سے متعلقہ شعبہ جات میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ اس موقع پر ایڈوائزر فارن سٹوڈنٹس پروفیسر ڈاکٹر زین العابدین نے وائس چانسلر کو بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں