جڑانوالہ(نامہ نگار) ایس پی ٹائون کی سربراہی میں پولیس تھانہ لنڈیانوالہ اور کھرڑیانوا لہ نے مختلف کاروائیوں کے دوران منشیات فروشوں سے 3کلو سے زائد ہیروئن چرس اور آئس و ناجائز اسلحہ برآمد کرکے الگ الگ مقدمہ درج کر لیا ہے ، تفصیلات کے مطابق ایس پی ٹائون ضیا الحق کی سربراہی میں انچارج انسوٹسیگیشن تھانہ لنڈیانوالہ ضیغم عباس بلوچ نے پولیس نفری کے ہمراہ کا میا ب کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 534گ ب کے رہائشی منشیات فروش عمر حیات کو پکڑ کر اسکے قبضہ سے 1020گرام ہیروئن اور دوسرے ملزم سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ اعجاز احمد نے مخبر کی اطلاع پر گاڑی نمبر ایل ای بی 2864کی تلاشی کے دوران ملزم زمان سے 1100گرام چرس آئس جبکہ دوسرے ملزم اکرم سے 1100گرام چرس آئس برآمد کرکے پابند سلاسل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کی زندگیوں سے کھیلنے والے منشیات فروش کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ منشیات فروشوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ علاقہ کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیس تھانہ لنڈیانوالہ اور کھرڑیانوالہ نے پکڑے جانیوالے منشیات فروشوں کیخلاف الگ الگ مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے۔
