8

ڈویژنل پبلک سکول کو بہترین درسگاہ بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈویژن مریم خان کی طرف سے ڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد کو بہترین درسگاہ بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا اس ضمن میں عملی اقدام اٹھاتے ہوئے کمشنر مریم خان کی زیر سرپرستی بورڈ آف گورنرز نے تمام کیمپسز میں یکساں نصاب لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈویژنل پبلک سکولز میں اب بچوں کو آکسفورڈ اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کا یکساں نصاب پڑھایا جائے گا اس کے ساتھ آکسفورڈ اور دیگر نمایاں تعلیمی اداروں کیساتھ مل کر اساتذہ کی ٹریننگ بھی کرائی جائے گی۔بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے بعد ضلع کے ڈویژنل پبلک سکولز میں اساتذہ کی بھرتیاں بھی اب این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ 1سالہ کارکردگی کی بنیاد پر اساتذہ کو اگلے دو سال کے کیلئے کنٹریکٹ دینے کا حتمی فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ملازمت میں مزید توسیع بھی کنٹریک کے دوران بہترین پرفارمنس پر ہو گی۔ ڈویژنل پبلک سکولز کا مالی بوجھ کم کرنے کیلئے غیر ضروری عملہ کی چھانٹی بھی کی جائے گی۔ کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز میں 4نئے ممبران شامل کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ مزید برآں بورڈ آف گورنرز نے ڈویژنل پبلک سکول کی مین اور پریمئیر برانچز کیلئے قابل اور دیانتدار پرنسپلز تعیناتی کی بھی اجازت دے دی۔کمشنر مریم خان کا کہنا ہے کہ والدین کا ادارہ پر اعتماد بحال کرنے کیلئے تمام فیصلے بورڈ آف گورنرز کی مشاورت سے ہونگے۔اساتذہ سمیت تمام بھرتیاں اب صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر ہونگی۔مالی صورتحال کی جانچ کیلئے ڈویژنل پبلک سکولز کا اب آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں