فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر پانی کو محفوظ بنانے کیلئے آگاہی مہم کا تسلسل جاری ہے جس کے تحت محکمہ واسا کے شعبہ سٹیزن لائزن سیل نے گور نمنٹ ایم سی بوائز ہائی سکول پرتاب نگر جھنگ روڈ کا وزٹ کرکے طالب علموں کو آگاہی فراہم کی۔ سی ایل سی سٹاف نے پانی کے ضیاع کو روکنے اور پانی کو دوبارہ استعمال کرنے کے طریقے کے حوالے سے تحریر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا کہ پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر زمین پر انسانی زندگی ناپید ہو جائے گی اس لئے پانی کو اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کی محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں پانی کی اہمیت مزید شدت اختیار کر جائے گی اور اس وقت پانی پر جنگیں ہونگی اس لئے آج ہم سب کو پانی کے ضیاع کا تدارک کرنا ہے اور اس مستقبل کے لئے سنبھال کر رکھنا ہے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ پانی کو بچانے کے لئے آگاہی وقت کا اہم تقاضا ہے جس کے لئے واسا فیصل آباد کی جانب سے آگاہی مہم کا تسلسل جاری ہے جس میں طالب علموں، طالبات، کمیونٹیز اور شہریوں کو اپنے گھروں میں پانی کے بچا کے طریقہ بارے معلومات فراہم کی جارہی ہیں تاہم اس آگاہی مہم کی کامیابی کیلئے ہم سب کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنا ہونگے۔
