6

زراعت کے شعبے میں مزید جدت لانا ہو گی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیور سٹی فیصل آباد اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ کاوشوں میں وسعت لائیں گے تاکہ زرعی سیکٹر کو جدید سائنسی بنیادوںپر استوار کرتے ہوئے پیداوار میں اضافے کو ممکن بنایا جا سکے۔ اس امر پر اتفاق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد یونس کے مابین وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں زراعت ایک اہم کردار ادا کرتی ہے جس کا جی ٹی پی میں 24فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں فی جانور دودھ اور گوشت پیداوار ترقی یافتہ ممالک کی نسبت کم ہے جس کے لئے ہمیں کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ پانی کی دستیابی جو ایک دہائی پہلے زرعی شعبے کے لئے 103ایم اے ایف تھی وہ کم ہو کر 92ایم اے ایف رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت کے شعبے میں جدت لانا ہو گی تاکہ دورحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ معاشی ترقی، روزگار اور غربت کے خاتمے میں زرعی اور لائیوسٹاک سیکٹر اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 8ملین دیہی خاندانوں کا بنیادی انحصار لائیوسٹاک کی پیداوار پر ہے جو کہ ان کی کل آمدن کا 40فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے بہترین تعلقات استوار کئے ہوئے ہیں اور ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے مشترکہ کوششیں عمل میں لا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں