63

بھارت سے کشیدگی’ چین کا پاکستان سے تعاون کا اعلان (اداریہ)

پہلگام واقعہ کے بعد اسلام آباد میں دفتر خارجہ ایک بار پھر بین الاقوامی سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا بھارتی شرانگیزی کے بعد چینی سفیر جیانگ ڈی ڈونگ ہنگامی مشاورت کیلئے دفتر خارجہ پہنچے، چینی سفیر نے نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی جس میں پہلگام واقعہ کے بعد خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی چین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان سے قریبی رابطے پر اتفاق کیا ہے ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو نہ صرف بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر پاکستان کا موقف پیش کیا بلکہ بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں بالخصوص سندھ طاس معاہدہ کی معطلی اور پانی روکنے کی دھمکیوں سے بھی آگاہ کیا اسحاق ڈار نے واضح الفاظ میں کہا کہ پانی روکنا کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں اوراسے اعلان جنگ تصور کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر بھارت کی مسلسل جارحانہ پالیسیوں نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے چینی سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے موقف کو سنا اور باہمی تعاون سفارتی مشاورت اور خطے میں امن واستحکام کے لیے چین کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ذرائع کے مطابق ملاقات میں چین نے بھارت کی طرف سے پیدا کی جانے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عندیہ دیا،، بھارت سے کشیدگی پر چین کا پاکستان کے ساتھ تعاون اور سفارتی سطح پر مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھا جو دونوں ملکوں کی دوستی کی مثال ہے چین نے پاکستان کو معاشی میدان میں ابھرتی ہوئی معاشی قوت بنانے کا بھی عزم کر رکھا ہے چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھاتی چین کے اشتراک سے پاکستان میں اقتصادی راہداری منصوبہ نے بھارتی حکمرانوں میں جو ہلچل مچائی ہے کئی برس گزرنے کے بعد بھی یہ ہلچل بھارتیوں کو بے چین کئے ہوئے ہے پاکستان میں چین کی جانب سے کی گئی بہت بڑی سرمایہ کاری بھی بھارت سرکار کو گراں گزر رہی ہے بھارت مکارانہ سازشوں سے پاکستان میں افراتفری مچانے کیلئے کوشاں رہتا ہے ماضی میں بھی بھارت میں ہونے والے بیشتر واقعات کا پاکستان پر الزام عائد کیا گیا اب پہلگام واقعہ پر بھی پاکستان کو بدنام کر رہا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے اور بھارت کا یہ ڈرامہ بھی فلاپ ہو چکا ہے پہلگام حملے کو امریکی وفد کے اہم دورے کے دوران پاکستان مخالف پراپیگنڈے کے لیے استعمال کیا گیا چینی سفیر جیانگ ڈی ڈونگ کو نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ آمد پر بھارت کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کے اعلانات سے آگاہ کیا جس کے جواب میں چینی سفیر نے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کرکے بھارتی حکومت یہ باور کرایا ہے کہ اسکی سازش ناکام ہو گئی ہے پاکستان اور چین کی دوستی میں کوئی معمولی سی دراڑ نہیں پڑ سکتی جبکہ چین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان سے قریبی رابطے پر بھی اتفاق کیا ہے جس کا مطلب واضح ہے کہ چین موجودہ حالات میں پاکستان کی سفارتی سطح پر حمایت کرے گا جبکہ بھارت کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ چین کو پاکستان سے بدگمان کیا جائے مگر چینی حکومت نے اپنے شہریوں کی متعدد ہلاکتوں کے باوجود بھی پاکستان کے ساتھ دوستی کو عظیم سے عظیم بنایا اور پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اپنا بھرپور رول ادا کیا ہے موجودہ صورتحال میں چین کا پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان بلاشبہ قابل تعریف ہے جس کو پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں