40

پاکستان ترکیہ سے تجارتی’ دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے پُرعزم (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیرخارجہ خاقان فیدان اور وزیر دفاع یاسارگلر نے ملاقات کی جس میں 5ارب ڈالرکے باہمی تجارت کے ہدف کے حصول کیلئے کوششوں پر زور دیاگیا ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار’ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر’ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف’ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے وزیراعظم نے ترک وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل المدتی تعلقات کو اجاگر کیا جو مشترکہ تاریخ’ ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت سرمایہ کاری’ ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ اپنے حالیہ روابط کو یاد کرتے ہوئے، جن میں 17 ویں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات بھی شامل ہے، پاک ترکیہ تعلقات کو آنے والے دنوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم کا عادہ کیا انہوں نے جوائنٹ کمیشن کے اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید رفتار پکڑیں گے جس سے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا، علاوہ ازیں ترکیہ کے وزیر دفاع کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ائیرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو سے ملاقات کی، علاقائی سلامتی کی صورتحال’ موجودہ دفاعی تعاون میں پیشرفت اور جدید عسکری شعبوں میں تعاون کے امکانات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ملکوں کے مابین پائیدار برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے مشرکہ اہداف اور تزویراتی ہم آہنگی پر زور دیا جو دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں انہوں نے جدید تربیت اور ایروسپیس ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے پاک فضائیہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ترک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر ائیرچیف کا شکریہ ادا کیا اور بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے دوران ائیرچیف کی بصیرت اور دوراندیش قیادت میں پاک فضائیہ کی جانب سے غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسکی آپریشنل تیاریوں اور قومی خودمختاری کے دفاع کیلئے ان کے بھرپور عزم کی تعریف کی،، پاکستان اور ترکیہ کا تجارتی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ خوش آئند ہے ترکیہ پاکستان کا بہترین دوست ملک ہے اور ہر آڑے وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی تجارت میں مزید اضافہ سے دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے جبکہ ترکیہ کے دفاعی وفد کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی خیرمقدم کیا جا رہا ہے قوم کو امید ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان آئندہ وقت میں تجارتی اور دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں