66

بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ (اداریہ)

بھارتی پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر بحث کا آغاز ہوتے ہی بھارتی فوج نے مقبوضہ و جموں کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع سری نگر میں جعلی مقابلے شروع کر دیئے،3کشمیری نوجوان شہید، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر لوک سبھا میں اپنی تقریر میں کہا کہ آپریشن سندور ابھی رکا نہیں پاکستان نے دوبارہ کچھ کیا تو ہم اس سے بھی زیادہ سخت کارروائی کریں گے۔وزیراعظم مودی نے بھی کہا ہے کہ آپریشن سندور رک گیا ہے لیکن ختم نہیں ہوا، بھارتی لوک سبھا میں آپریشن سندورپر بحث شروع ہوتے ہی بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک بار جعلی مقابلوں میں نوجوان کشمیریوں کو شہید کرنا شروع کر دیا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ بھارت نے سندور کی ناکامی چھپانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن مہادیو کے تحت مقبوضہ وادی میں سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔بھارت نے وادی کشمیر میں سیاحوں کے ساتھ ہونے والے پہلگام واقعہ کاالزام پاکستان پرعائد کر کے جارحیت مسلط کی تھی جس پر دونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھی اور دونوں میں مختصر جنگ بھی ہوئی چونکہ پاکستان کا یہ موقف تھا کہ پہلگام واقعہ میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں اور اس نے تحقیقات کی پیش کش بھی کی تھی اب بھارت کے سابق وزیر داخلہ پی چدم برم نے پہلگام حملے کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں بلکہ حملہ آور دراصل بھارتی شہری تھے جنہوںنے بھارت کے اندر ہی دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔ پی چدم برم نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں پاکستان کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بغیر کسی ثبوت کے یہ فرض کیوں کر رہی ہے کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے؟اگر ایسا ہے تو ثبوت کیوں نہیں پیش کئے گئے؟ انہوں نے کہا کہ اب تک نہ تو حملہ آوروں کو شناخت کیا گیا اور نہ ہی کوئی واضح گرفتاری سامنے آئی ، سابق بھارتی وزیر داخلہ کے انٹرویو نے بھارتی حکومت کے اس ڈرامہ کو بے نقاب کر دیا ہے ، لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ آپریشن سندور رکا نہیں، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کا آپریشن بنیان المرصوص بھی نہیں ہے،بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کے بعد ہمارے شاہینوں نے بھارت کے اندر گھس کر اس کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا کر اس کو یہ بتلا دیا کہ اس کے ساتھ پنگا لینا بھارت کو مہنگا پڑے گا۔ بھارتی وزیر دفاع پارلیمنٹ میں پاکستان کو سبق سکھانے کی جو باتیں کر رہے ہیں وہ گیڈر بھبھکی کے سوا کچھ نہیں، بھارتی وزیر دفاع یہ یاد رکھیں کہ صرف چند گھنٹے کے آپریشن کے دوران پاکستان نے بھارت کو جو نقصان پہنچایا اس سے اندازہ لگائیں کہ اگر جنگ کچھ روز اور جاری رہتی تو بھارت کی اینٹ سے اینٹ بج جاتی ، مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کیلئے فوج کا آپریشن اپنی ناکامی چھپانے کیلئے کیا جا رہا ہے ”جسے فوری بند ہونا چاہیے”بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ اب خطے میں اس کی تھانیداری نہیں چلے گی، پاکستا ن خطے میں امن کاخواہاں ہے لیکن اس کی اس خواہش کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے پاکستان جوہری طاقت ہے اور افواج پاکستان جدید دفاعی سازو سامان سے لیس ہیں لہذا بھارت کسی بھول میں نہ رہے کہ وہ پاکستان کو خوفزدہ کر سکتا ہے، بھارت نے پاکستان کی دفاعی قوت کا اندازہ یقینا کر لیا ہو گا اگر اسے کوئی گمان ہے تو آزما دیکھ لے۔ پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں