69

سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد وقت کی ضرورت (اداریہ)

خیبرپختونخوا کے علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے ساتھ ساتھ کلائوڈ برسٹنگ نے جو تباہی مچائی اور سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اس پر ملک بھر میں دُکھ اور غم کا اظہار کیا جا رہا ہے گائوں کے گائوں صفحہ ہستی سے مٹ گئے بونیر میں قیامت صغریٰ کا منظر تھا جب سینکڑوں افراد کے جنازے اُٹھے بپھرے ہوئے پانی میں درجنوں افراد بہہ گئے جن کی لاشوں کو بمشکل تلاش کیا گیا مقامی طور پر بڑی تعداد میں رضاکاروں نے اپنی خدمات پیش کیں اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق اور پاک فوج متاثرین سیلاب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد اولین ترجیح ہے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو انتہائی جذبے اور محنت کے ساتھ جاری رکھا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کیا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سب سے پہلے سوات پہنچنے جہاں امیر مقام نے استقبال کیا وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بعد میں بونیر’ شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا جہاں انہیں کے پی میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی وزیراعظم ہائوس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی وزیراعظم نے کہا شمالی علاقوں میں گزشتہ چند روز کے واقعات پر پوری قوم اشکبار ہے انسانی جانوں کے ضیاع سے بڑھ کر دکھ کی کوئی اور بات نہیں ہو سکتی موجودہ موسمی حالات میں مل کر کام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے انتہائی متاثرہ 10ممالک میں شامل ہے، وزیراعظم نے اپنے دورے میں بونیر میں سیلاب زدگان سے ملاقات کی اور ان میں امدادی چیکس بھی تقسیم کئے۔ اعلامیے کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعینات افواج’ پولیس اور سول انتظامیہ سے ملاقات کی اور اہلکاروں کی بے لوث خدمات کو سراہا فیلڈ مارشل نے کہا کہ فورسز اور سول ادارے اپنی ان تھک خدمات جاری رکھیں شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور ان کی امداد اولین ترجیح ہونی چاہیے، دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے گھر’ مال مویشی یا دیگر نقصان ہوا ہے اسے پورا کریں گے پہلے مرحلے میں ریسکیو آپریشن مکمل ہو گیا ہے شہداء کے اہل خانہ اور زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا سیلاب زدہ علاقوں میں نقصان کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ حکومت متاثرہ لوگوں کو دوباہ اپنے پائوں پر کھڑا کر سکے جن کے گھر تباہ ہوئے ہیں ان کو گھر بنا کر دیں گے جن کے کاروبار متاثر ہوئے انہیں بھی بھرپور پیکج دیا جائے گا لائیوسٹاک کے نقصانات کا بھی معاوضہ دیا جائے گا وزیراعلیٰ KP نے کہا متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امداد کے لیے 3ارب روپے کے علاوہ مزید 2ارب روپے جاری کئے گئے ہیں،، وزیراعظم شہباز شریف’ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر’ وزیراعلیٰ KP کا سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کو مالی امداد دینے کا اعلان خوش آئند ہے بلاشبہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے تاہم دُکھ کی اس گھڑی میں مخیرحضرات’ فلاحی تنظیموں اور اداروں کو بھی متاثرین کی مالی امداد کیلئے آگے آنا چاہیے اس وقت متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی خشک اشیاء پینے کے صاف پانی کی بوتلیں خیمے اور موسم کے مطابق کپڑے درکار ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے افراد کی مدد کیلئے اپنی ہمت کے مطابق حکومتی یا فلاحی تنظیموں کے تعاون سے مالی امداد’ کپڑے یا راشن کا سامان بھجوائے تاکہ متاثرین کے دکھوں میں کمی واقع ہو اور ان کو پانی ضرورت کی تمام اشیاء مل سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں