47

مسلمانوں کی رسوائی کی وجہ قرآن و حدیث سے دوری ہے

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)آج مسلمانوں کی ذلت و رسوائی کی سب سے بڑی وجہ قرآن وحدیث سے دوری و بے رغبتی اختیار کرنا ہے ۔ اگر ہم دنیا میں سر بلند اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں فرسودہ رسم و رواج اور جاہلیت کے طور طریقے چھوڑ کر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا ان خیالات کا اظہار ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبد الرشید حجازی ، ضلعی ناظم قاری محمد ارشد ، چوہدری حبیب اللہ عطار ، خالد محمود اعظم آبادی ، مولانا بہادر علی سیف ، قاری بشیر احمد عزیزی ، مولانا اکرام اللہ ، ڈاکٹر طارق عباس چوہدری و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آسمانی آفات سے نمٹنے اور بچا کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ ہم سب اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اپنے اپنے تعلق کو مضبوط کرے ۔ توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ کے لئے اپنے آپ کو چند لمحوں کے لئے وقف کرے ۔ علامہ عبد الرشید حجازی نے کہا کہ سیلابی ریلے ، بادلوں کا پھٹ جانا اور چند لمحوں میں بستیوں کا اجڑ جانا ۔ پانی کا انسانوں سمیت جانوروں بلکہ تمام اشیا کو بہا لے جانا اگر ہم اب بھی نہ سمجھے تو پھر مسلمانوں کا خدا ہی حافظ ہے ۔ آج ہم بحیثیت مسلمان اخلاقی پستیوں میں گرتے ہی چلے جا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ کبھی زلزلہ ، کبھی سیلاب اور کبھی دیگر آفات سے ہم چھٹکارا نہیں پا رہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں