41

چین کی سیلاب متاثرین کیلئے تعاون کی یقین دہانی (اداریہ)

چینی ناظم الامور شی یانکیانگ نے گزشتہ روز این ڈی ایم اے میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کا دورہ کیا انہوں نے چینی حکومت کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی چینی ناظم الامور کو این ڈی ایم اے ٹیم کی جانب سے حالیہ سیلابی صورحال اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی’ این ڈی ایم اے کی جانب سے صوبائی وعلاقائی اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی اور مشترکہ اقدامات’ سیلاب متاثرہ علاقوں میں تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امداد اور مالی وبحالی کے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا آفات سے نمٹنے اور پیشگی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے موسمی صورتحال کے جائزہ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بریفنگ دی گئی چینی ناظم الامور نے این ڈی ایم اے کے بروقت اقدامات اور مؤثر ریسپانس کو سراہتے ہوئے پاکستان کے آفات سے نمٹنے کے شعبہ کو بہترین قرار دیا،، چینی ناظم الامور شی یانکیانگ کا چینی حکومت کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور یقین دہانی خوش آئند ہے چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے اور اس نے ہر قدرتی آفت اور سیاسی حالات میں پاکستان کی بھرپور مدد کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ چین پاکستان کو کسی بھی آزمائش میں تنہا نہیں چھوڑتا دونوں ملکوں کی عظیم دوستی کی دنیا میں مثال پیش کی جاتی ہے موسمیاتی تبدیلیوں نے اس بار پچھلے سال کی نسبت زیادہ متاثر کیا ہے خیبرپختونخوا پنجاب اور سندھ’ آزاد کشمیر کے بیشتر علاقے بدترین سیلاب سے متاثر ہوئے جبکہ مون سون کی بارشوں نے بھی بہت نقصان پہنچایا جس سے پاکستان کو جانی ومالی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہزاروں افراد گھر بار چھوڑ کر ریلیف کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں کئی دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں فصلیں برباد ہو گئیں مویشی پانی میں بہہ گئے الغرض سیلاب نے کی پی’ پنجاب کے بعض علاقوں میں تباہی مچا دی حکومت اپنے وسائل میں رہ کر متاثرین کی بھرپور امداد کر رہی ہے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو مالی امداد دفراہم کی جا رہی ہے ریلیف کیمپوں میں پانی’ کھانا اور مویشیوں کو چارہ فراہم کیا جا رہا ہے اقوام متحدہ اور بعض ملکوں نے پاکستان میں قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے چینی حکومت کی طرف سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کو سراہا جا رہا ہے،، ان دنوں صدر مملکت آصف علی زرداری بھی چین کے سرکاری دورے پر ہیں چین پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا صدر زرداری چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بات ہو گی ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق صدر کا دورہ چین دس روزہ ہنگامی نہیں بلکہ پہلے سے شیڈول تھا، صدر مملکت کا دورہ چین بھی ایسے میں ہو رہا ہے جب پاکستان قدرتی آفت سیلاب میں گھرا ہے یقینا اس دورہ کے دوران چینی حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ پاکستان کیلئے بھرپور تعاون کا اعلان بھی کر سکتی ہے چین ناظم الامور شی یانکیانگ پہلے ہی پاکستان کو چینی حکومت کی طرف سے یقین دلا چکے ہیں کہ چین سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے جس سے حکومت پر سے دبائو میں کمی واقع ہو گی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام کو تیزی سے مکمل کر لیا جائے گا جو وقت کا تقاضا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں