34

سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بلوں کی وصولی روک دی گئی (اداریہ)

وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اگست کے بجلی کے بل معاف کر دیئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بروقت اور عوام دوست فیصلے پر شکر گزار ہوں سیلاب زدہ علاقوں میں اگست کے وصول کردہ بل واپس ہوں گے پاور ڈویژن فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے گا یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جن سیلاب متاثرین سے اگست کا بجلی کا بل وصول کیا جا چکا ہے وہ آئندہ ماہ ایڈجسٹ کر دیا جائے گا وزیراعظم نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کیلئے بجلی کے بلوں کے حوالے سے تفصیلی پیکج کا حتمی اعلان کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے مشکل کے اس وقت میں عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں وزیراعظم نے کہا متاثرین کے ریسکیو بحالی کیلئے وفاقی وصوبائی ادارے اپنی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں اور جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں واپس نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے دوسری جانب اضافی بل وصول کرنے پر بجلی کمپنی کو 20کروڑ جرمانہ کر دیا گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا نے گیپکو کو خراب میٹرز کی بنیاد پر صارفین سے اضافی بل وصول کرنے پر 20کروڑ روپے جرمانہ کیا اتھارٹی نے حکم دیا ہے کہ اضافی وصولی 30 روز میں صارفین کو واپس کی جائے بصورت دیگر گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) کو یومیہ ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو گا، گیپکو نے دو مرتبہ صارفین سے سلو اور خراب میٹرز پر بل وصول کئے اس مد میں ایک ہزار صارفین کو زائد بلنگ ثابت ہوئی، علاوہ ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں تھری فیز میٹرز کو جدید اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی چوری پر قابو پانے اور زائد بلنگ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں تھری فیز میٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا یہ منصوبہ مرحلہ وار شروع کیا جائے گا ابتدائی مرحلے میں بجلی کے 3لاکھ 50ہزار میٹرز تبدیل کئے جائیں گے بجلی کے میٹرز کی تبدیلی کے حوالے سے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،، وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کی وصولی روکنے کا حکم خوش آئند ہے یہ فیصلہ وقت کا تقاضا ہے اس اقدام سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مشکلات کم ہوں گی وزیراعظم آفس سے جاری میڈیا ونگ کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں اگست کے بل بجلی معاف کر دیئے گئے ہیں وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کیلئے بجلی بلوں کے حوالے سے تفصیلی پیکج کا حتمی اعلان کیا جائے گا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم سیلاب متاثرہ علاقوں کے لوگوں کیلئے بڑا اعلان بھی کر سکتے ہیں، اس وقت سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو حکومتی امداد کے ساتھ ساتھ سیاسی سماجی رفاعی تنظیموں کی طرف سے بھی امداد پہنچائی جا رہی ہے وزیراعظم کی طرف سے اگست کے بجلی بلوں کی معافی متاثرین سیلاب کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں