سولر پاور کے بجلی نرخ میں کمی

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں سولر پاور سے پیدا ہونے والی بجلی کے نرخ میں 2روپے فی یونٹ کمی کر دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے 29ویں اجلاس میں کیا گیا، جس میں دیگر اہم عوامی فلاحی اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سیلاب متاثرین کے لیے حتمی امدادی پیکج کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ امدادی رقوم کے چیک 17 اکتوبر سے تقسیم کیے جائیں گے۔ پیکج کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، مستقل معذوری کی صورت میں 5 لاکھ اور معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ مکمل طور پر منہدم ہونے والے پکے گھروں کے لیے 10 لاکھ روپے، جزوی طور پر متاثر گھروں کے لیے 3 لاکھ، مکمل تباہ شدہ کچے گھروں کے لیے 5 لاکھ جبکہ جزوی نقصان کی صورت میں 1.5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ متاثرہ افراد کو مویشیوں کے نقصان پر بھی معاوضہ دیا جائے گا، جس کے تحت بڑے جانور کے مرنے پر 5 لاکھ روپے اور چھوٹے جانور کے لیے 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔دوسری جانب اوورسیز پاکستانی طلبہ کے لیے ایم بی بی ایس کی سالانہ فیس 10 ہزار امریکی ڈالر مقرر کر دی گئی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے 20 ہزار ڈالر فیس کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے تعلیم کو قابلِ استطاعت رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ، پنجاب میں دیگر صوبوں سے ایم بی بی ایس میں داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں