2قتل،حادثات میں خاتون سمیت2جاںبحق’گھریلو ملازمہ پر تشدد،مل مالک گرفتار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات میں دو افراد قتل، ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد لقمہ اجل بن گئے، فیکٹری مالک میاں بیوی کا گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد، چالاک افراد کا4شہریوں کیساتھ اڑھائی کروڑ کا فراڈ، پولیس مصروف تفتیش ہے تفصیل کے مطابق تھانہ رضا آباد کے علاقہ ملوائیاں کے رہائشی جواد احمد نے بتایا کہ اس کا بھائی غلام مصطفی گذشتہ شب کام کے سلسلہ میں گھر سے باہر گیا واپس نہ آیا۔ تلاش کرنے پر اس کی کھیتوں سے لاش ملی، جسے نامعلوم افراد نے سر میںگولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تھانہ سمندری کے علاقہ473گ ب میں سولر پلیٹس سے چھیڑ خانی سے منع کرنے پر مشتعل افراد علی احمد وغیرہ نے ڈنڈوں اور سوٹوں سے جمشید کو بری طرح زحمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔جبکہ تھانہ گلبرگ کے علاقہ جی سی یونیورسٹی تقوی مسجد کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار اشفاق احمد زندگی کی بازی ہار گیا۔ چک جھمرہ کے علاقہ چنیوٹ روڈ پر تیز رفتار پک اپ اور موٹر سائیکل میں تصادم کے باعث موٹر سائیکل سوار خاتون 35سالہ مدثر بی بی زوجہ غلام رسول اس کا عزیز19سالہ عمر فاروق ولد اللہ یار سکنہ22ج ب اور پک اپ میں سوار 35سالہ خورشید ولد متھیلے خاں سکنہ16ج ب اور30سالہ عامر ولد اقبال سکنہ نعمت کالونی جڑانوالہ روڈ بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیم موقع پر پہنچی تو مدثر بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھی۔ جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔غلام محمد آباد کے اشفاق نے سول لائن پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ اسکی 13سالہ بیٹی زاہرہ سلیم ٹیکسٹائل کے مالک محمد حبیب کے گھر ملازمت کرتی تھی اور معمولی معمولی باتوں پر حبیب اور اسکی اہلیہ صدف اکثر اوقات مارپیٹ کرتی تھی اور ملزمان نے اسکی بیوی کو ملازمت سے بھی منع کر رکھا تھا وہ بھی جب فون کرتا تو بات نہ کرواتے تھے۔ گزشتہ روز وہ بیٹی کو ملنے گیا تو بیٹی زاہدہ کے سر کے بال کاٹ کر گنجا کیا ہوا تھا اور اسکی کمر اور جسم کو گرم چمٹے لگانے کے زخم تھے، وجہ پوچھی تو دھمکیوں پر اتر آئے جس پر پولیس کو اطلاع کی تو پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم حبیب کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں سول لائن کے رہائشی توکل حسین نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم محمد تاج نے کچھ عرصہ قبل کاروبار کیلئے ایک کروڑ 40لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی اور نہ ہی منافع دیا، رقم کا مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ متاثرہ شہری غلام عباس نے تھانہ صدر میں درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ ملزم بلال نے کاروبار کیلئے 50لاکھ’ ایوب کالونی کے حیدر علی سے ملزم سرفراز نے ساڑھے 30لاکھ اور بٹالہ کالونی کے اسرار سے ملزم رضوان نے 30لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی۔ رقوم کے عوض چیک دیئے جو کہ کیش نہ ہو سکے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں