وزیراعظم پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں”سیز فائر”کیلئے سرگرم

اسلام آباد(بیوروچیف) پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں کشیدگی بڑھ گئی، سیز فائر کی کوششوں کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران پنجاب اور سندھ کی سیاسی کشیدگی پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہونے والے پیپلز پارٹی کے واک آئوٹ سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پیپلز پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور صدرِ مملکت کا پیغام پہنچائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری نے محسن نقوی کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان بڑھتے سیاسی تنائو کو کم کرنے کا ٹاسک دیا ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان حالیہ تنائو میں کمی پر بات کریں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز محسن نقوی نے بلاول ہائوس کراچی میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی تھی، جس میں سیاسی صورتحال اور سندھ وپنجاب حکومتوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنائو پر گفتگو ہوئی۔ صدر مملکت آصف زرداری نے وزیر داخلہ کو موجودہ صورتحال میں مثبت کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے اختلافات شروع ہوئے، جس پر دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کی جا رہی ہے۔سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کا مطالبہ ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کی جائے تاہم پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے بی آئی ایس پی کے ذریعے امداد سے انکار کیا ہے۔ معاملے پر تاحال دونوں صوبائی حکومتوں کے وزراء کی جانب سے مسلسل پریس کانفرنس کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں