ٹریفک حادثات میں3افراد جاں بحق،3سالہ بچہ جوہڑ میں ڈوب گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق’ گھر کے باہر کھیلتے ہوئے محنت کش کا 3سالہ بچہ جوہڑ میں ڈوب گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ امین پارک کا رہائشی 45سالہ اشفاق احمد ولد فدا حسین موٹرسائیکل پر انڈرپاس جھال کے قریب جا رہا تھا کہ مخالف سمت سے آنیوالے بے قابو گدھا ریڑھی سے ٹکرا کر گرا تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار مزدا ٹرک نے کچل دیا۔ جبکہ دوسرا حادثہ سرگودھا روڈ پر پیش آیا جہاں پر سدھار کا رہائشی تنویر ولد رمضان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر کی بس کی زد میں آ کر لقمہ اجل بن گیا۔ جبکہ تیسرا حادثہ ٹھیکری والا کے علاقہ میں پیش آیا جہاں پر تیز رفتار ٹرالر اور لوڈر رکشہ میں تصادم کے باعث رکشہ ڈرائیور حاجی محمد ولد رمضان سکنہ 256 رب زندگی کی بازی ہار گیا۔ علاوہ ازیں ماموں کانجن کے علاقہ 510 گ ب میں کاشف کا 3سالہ بچہ منور گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک گھر کے قریب جوہڑ میں گر پڑا۔ موقع پر موجود افراد نے باہر نکالا تو وہ زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں