30

” میرا سوہنا فیصل آباد ” ثقافتی احیا کا عزم معمار پروگرام

فیصل آباد، جسے فخر سے “پاکستان کا مانچسٹر” کہا جاتا ہے، نہ صرف ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے بلکہ یہ ایک ایسا شہر ہے جس کی مٹی میں صدیوں کی تاریخ، محنت اور رنگا رنگ ثقافت سموئی ہوئی ہے۔ یہ شہر اپنی کاروباری چمک دمک کے لیے تو دنیا بھر میں جانا جاتا ہے، لیکن اس کی حقیقی روح اس کے باسیوں کے فن، ادب اور ان کے مخصوص تہذیبی وراثت میں پنہاں ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ تیز رفتار صنعتی ترقی کے شور میں فیصل آباد کا یہ ثقافتی پہلو کہیں پس منظر میں چلا گیا تھا۔ ایسے میں، وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے بصیرت افروز وژن اور کمشنر فیصل آباد، راجہ جہانگیر انور کی بے لوث کاوشوں نے ایک نئی صبح کا آغاز کیا ہے. ایک ایسی صبح جو “میرا سوہنا فیصل آباد” کے نام سے شہر کی کھوئی ہوئی ثقافتی شناخت کو دوبارہ اجاگر کرنے کا عہد ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بصیرت افروز وژن، ثقافت اور ترقی کا سنگم ہے جو محض سڑکوں، پلوں اور عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کا محور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں شہریوں کی مادی ضروریات کے ساتھ ساتھ ان کی روحانی اور ثقافتی آسودگی کا بھی خیال رکھا جائے۔ ان کا ماننا ہے کہ کوئی بھی شہر یا قوم اپنی ثقافت اور ورثے سے کٹ کر ترقی کی معراج حاصل نہیں کر سکتی۔ “میرا سوہنا فیصل آباد” کا تھیم اسی وسیع تناظر کا عکاس ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ تصور پیش کیا کہ فیصل آباد کے باشندوں کو، خاص طور پر نوجوان نسل کو اپنے شہر کی شاندار ثقافت، روایات، فنون اور تاریخ سے دوبارہ جوڑا جائے۔ اس وژن کے بنیادی نکات میں ثقافتی ورثے کا تحفظ، شہر کی تاریخی عمارتوں اور ثقافتی مقامات کی دیکھ بھال اور ان کی تزئین و آرائش، مختلف ایونٹس کے ذریعے شہریوں کو فعال طور پر شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے عمل میں شامل کرنا ہے۔ مقامی فنکاروں، ادیبوں اور ہنرمندوں کو باوقار پلیٹ فارم مہیا کرنا تاکہ وہ اپنا تخلیقی جوہر دکھا سکیں۔ فیصل آباد کو ایک ثقافتی مرکز کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحت کو فروغ مل سکے۔ یہ وژن دراصل شہریوں کے لیے فخر کا ایک نیا احساس پیدا کرنے اور شہر کو ایک خوبصورت، صاف ستھرا اور تہذیبی لحاظ سے مالا مال مقام بنانے کی بنیاد ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے انتظامی سطح پر مضبوط عزم اور عملی اقدامات کی ضرورت تھی۔ اس ذمہ داری کو کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے پوری لگن اور غیر معمولی عزم وجذبے کے ساتھ سنبھالا۔ انہوں نے “میرا سوہنا فیصل آباد” کو محض ایک سرکاری تقریب نہیں، بلکہ ایک عوامی تحریک بنانے کا فیصلہ کیا۔کمشنر فیصل آباد کی قیادت میں فوری طور پر ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندوں، نجی شعبے کے افراد، فنکاروں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ ایک انتہائی دانشمندانہ اقدام ہے تاکہ اس میگا ایونٹ کی منصوبہ بندی کو ہر سطح پر جامع اور منظم بنایا جا سکے۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ایونٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے اور شہریوں کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاسوں میں ایونٹس کی باریک بینی سے منصوبہ بندی کی گئی، سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ہر سب کمیٹی کو اس کے مخصوص شعبے سے متعلق ایونٹس کی کامیابی کے لیے اہداف دیے گئے۔ کمشنر صاحب کی محنت اور عملدرآمد میں ان کی ذاتی دلچسپی ہی وہ کلیدی عنصر ہے جو اس میگا ایونٹ کی تیاریو ں کو تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے۔ “میرا سوہنا فیصل آباد” کے تحت منعقد ہونے والے مجوزہ ایونٹس کی تفصیلات گواہی دیتی ہیں کہ یہ پروگرام ایک جامع ثقافتی نمائش کا اچھوتا اور منفرد انداز ہو گا جو شہر کے ہر طبقے کی دلچسپیوں کا خیال رکھے گا۔ آئندہ ماہ دسمبر میں منعقد ہونے والے ان رنگارنگ ایونٹس کا مقصد فیصل آباد کے شہریوں کو اپنی ثقافت سے جوڑنا اور ان میں شہری فخر کا احساس پیدا کرنا ہے۔ میرا سوہنا فیصل آباد کے پروگرامز میں فنون لطیفہ اور دستکاری کے مقابلے مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ پینٹنگز کے مقابلوں میں شہر کی خوبصورتی، تاریخ اور ثقافتی عناصر کو کینوس پر منتقل کرنے کے لیے فنکاروں کو دعوت دی جائے گی۔ فوٹوگرافرز فیصل آباد کی زندگی، تاریخی مقامات اور صنعتی منظرنامے کے خوبصورت لمحات کو اپنے کیمروں میں قید کریں گے۔ہینڈی گرافٹس کے مقابلوں کا ایونٹ خاص طور پر فیصل آباد کے ٹیکسٹائل اور روایتی ہنر سے جڑے ہنر مندوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہو گا، جو ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا۔پرفارمنگ آرٹس کے ذریعے شہر کی ادبی اور موسیقی کی روایات کو زندہ کیا جائے گا۔ مقامی ڈرامہ گروپس کو سماجی مسائل، ثقافت اور تاریخ پر مبنی مختصر ڈرامے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ میوزک کی محفلیں اور قوالی نائٹ، جو پنجاب کی صوفیانہ اور لوک موسیقی کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں، شہریوں کے لیے روحانی اور تفریحی آسودگی کا باعث بنیں گی،شہر کے نامور ادیبوں، شاعروں اور نئے لکھاریوں کے درمیان مباحثے، مشاعرے اور ادبی نشستیں منعقد ہوں گی جو علمی ماحول کو تقویت دیں گی۔ شہر کے ورثے کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے خصوصی ایونٹس بھی رکھے گئے ہیں۔فیصل آباد کی تاریخ پر کتابوں کی نمائش شہر کی تاریخ، جغرافیہ اور سماجی ترقی پر لکھی گئی کتابوں کو ایک جگہ جمع کرے گی اور محققین اور طلبا کے لیے قیمتی مواد فراہم کرے گی۔ پنجاب کی روایتی قصہ گوئی کی روایت کو زندہ کیا جائے گا۔ بزرگ اور کہنہ مشق قصہ گو فیصل آباد شہر کی پرانی داستانیں، لوک کہانیاں اور تاریخی واقعات دلچسپ انداز میں سنائیں گے۔ شہر کے آٹھ بازاروں، گھنٹہ گھر اور دیگر تاریخی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔ کمیونٹی اور طرز زندگی کے ایونٹس شہریوں کو عملی طور پر شہر کی خوبصورتی اور اپنے محلے کی بہتری میں شامل کریں گے۔فوڈ فیسٹیول میں فیصل آباد اور پنجاب کے روایتی کھانوں کا ایک رنگا رنگ میلہ، جہاں مقامی ذائقوں کو فروغ دیا جائے گا۔ محلہ سجا ایونٹ ایک منفرد مقابلہ ہے جو شہریوں کو اپنے محلے اور گلیوں کو صاف ستھرا، خوبصورت اور سرسبز بنانے کی ترغیب دے گا۔ یہ ایونٹ شہری شمولیت اور ذمہ داری کا عملی مظاہرہ ہو گا۔ پھولوں کی نمائش، موسم بہار سے قبل منعقد ہونے والی یہ نمائش شہر کے ماحول کو خوشگوار بنانے اور باغبانی کے شوق کو بڑھانے کا ذریعہ بنے گی۔ بچوں کے لیے خصوصی طور پر تفریحی، تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں پر مبنی میلے منعقد کیے جائیں گے۔سپورٹس کے میگا ایونٹس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔”میرا سوہنا فیصل آباد” میگا ایونٹ کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ سب سے بڑا اثر یہ ہو گا کہ شہریوں میں اپنے شہر سے محبت، فخر اور ملکیت کا احساس پیدا ہو گا۔ جب شہری خود اپنے محلے کو سجائیں گے یا اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، تو شہر کی خوبصورتی کی ذمہ داری بھی مشترکہ ہو جائے گی۔ یہ اقدامات مقامی معیشت کو بھی تقویت دیں گے، خاص طور پر فنکاروں، ہنرمندوں اور چھوٹے کاروباری افراد کو ایک نئی منڈی اور پہچان ملے گی۔ ثقافتی سیاحت کو فروغ ملے گا، جس سے شہر کی بین الاقوامی امیج مزید بہتر ہو گی۔ یہ پورا پروگرام دراصل وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے اس پیغام کو تقویت دیتا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ شہریوں کے ساتھ مل کر ہی ایک خوشحال اور خوبصورت معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے۔ “میرا سوہنا فیصل آباد” میگا ایونٹ پنجاب کی سیاست میں ایک نئی مثال قائم کر رہا ہے جہاں سیاسی وژن کو مستعد انتظامی عملدرآمد کے ذریعے حقیقت کا روپ دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا ثقافتی احیا کا نظریہ، اور کمشنر راجہ جہانگیر انور کا اس وژن کو عملی شکل دینے کا عزم، فیصل آباد کے لیے ایک نئے اور سنہری دور کی نوید ہے۔ یہ محض تقریبات کا ایک سلسلہ نہیں، بلکہ فیصل آباد کے دل اور روح کو دوبارہ زندہ کرنے، شہریوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور انہیں یہ احساس دلانے کی ایک شعوری کوشش ہے کہ فیصل آباد واقعی ایک “سوہنا” (پیارا) شہر ہے۔ اس ایونٹ کی کامیابی، شہر کی ثقافتی اقدار کے تحفظ اور ایک پرجوش شہری معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گی۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے “میرا سوہنا فیصل آباد” کی درخشاں کامیابی کے بعد اس طرز کے ایونٹس ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں بھی منعقد کروانے کا عندیہ دیا ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے مدبرانہ ویژن کی بہترین عکاسی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں