5

کمشنر سرگودھا کی ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے کھلاڑی سے ملاقات

سرگودہا(بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژ ن جہانزیب اعوان نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کامیابیاں سمیٹنے والے پاکستان کے مایہ ناز کیوئسٹ اور سرگودہا کے قابلِ فخر سپوت اسجد اقبال سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ کمشنر نے انہیں ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل اور سنگلز ایونٹ میں رنر اپ پوزیشن حاصل کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس موقع پر یادگاری شیلڈ بھی عطا کی۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی بھی موجود تھے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ اسجد اقبال نے جس اعتماد، مہارت اور تسلسل کے ساتھ عالمی اسٹیج پر پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے، وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے اسجد اقبال کی شاندار کارکردگی کو سرگودہا کے لیے اعزاز اور پاکستان کے لیے قابلِ فخر سنگِ میل قرار دیا۔کمشنر سرگودہا نے اسجد اقبال اور محمد آصف کو قطر میں منعقدہ ورلڈ اسنوکر ٹیم کپ جیتنے پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان عالمی کھیلوں کے میدان میں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔اسجد اقبال نے عزت افزائی پر کمشنر جہانزیب اعوان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پذیرائی سے ان کا حوصلہ مزید بلند ہوا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی پوری محنت، لگن اور جذبے سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرتے رہیں گے۔ اسجد اقبال نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2001ء میں چک 40 شمالی سے کیا اور اب تک 4 سے زائد گولڈ، 5 سلور اور متعدد برانز میڈلز اپنے نام کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں