شہر میں واسا اور MCFکی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرشہر بھر کی روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ اور بغیر کور ڈرینز پر سلیب رکھنے کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے لئے واسا اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔جڑانوالہ روڈ پر واسا کی ٹیموں کی طرف سے ڈرینز کی ڈی سلٹنگ جبکہ سرگودھا روڈ اورملت روڈ پر ڈرینز کو کور کرنے کا کام جاری ہے۔علاوہ ازیں خصوصی طور پر سکولوں کے اردگرد ان کور ڈرینز کو فوری کور کرنے کے لئے بھی ہنگامی اقدامات بھی جاری ہیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے جڑانوالہ روڈ کا دورہ کیا اورعبداللہ پور چوک اور تیزاب ملز چوک میں روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ اور ڈرینز کو ڈھانپنے کے کاموں کی نگرانی کی۔انہوں نے موقع پر سڑک کنارے پڑے کچرے/گار کو اٹھا کر ڈمپنگ سائٹ منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے جس پرستھرا پنجاب کی ٹیموں نے مشینری کے ذریعے ڈرینز کی سلٹ/کچرا اٹھاکر روڈ کلیئر کردیا۔کمشنر نے واضح ہدایت کی کہ گار کو ساتھ ساتھ صاف کرایا جائے تاکہ راہگیروں کو مشکلات نہ ہوں۔انہوں نے واسا اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں کو ڈی سلٹنگ اور ڈرینز کور کرنے کا ٹاسک تیزی سے مکمل کرنے کی تاکید کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں