2

ترقیاتی سکیموں میں غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ،کمشنر سرگودھا

سرگودہا(بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں اضلاع کے سرکاری سکولوں میں فیز ون کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اضافی کلاس رومز کی تعمیر، چار دیواری اور ٹوائلٹ بلاکس پر تیزی سے کام جاری ہے۔کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ وزٹ کریں، کام کا معیار چیک کریں اور ہر منصوبے کو طے شدہ معیار کے مطابق مکمل کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی سکیموں میں غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے اے ڈی سی جی، سی ای او ایجوکیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے جاری کاموں پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز، سی ای او ایجوکیشن اور ڈویلپمنٹ افسران کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے سکولوں کا دورہ کریں، کوالٹی کو یقینی بنائیں اور تمام اسکیموں کی رفتار کو مزید بہتر کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع سرگودہا کے 64 سرکاری سکولوں میں 110 اضافی کلاس رومز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ضلع خوشاب کے 64 سکولوں میں بھی اضافی کلاس رومز کی تعمیر جاری ہے۔ ضلع میانوالی کے 216 سکولوں میں 339 اضافی کلاس رومز بنائے جا رہے ہیں۔ضلع بھکر کے 68 سکولوں میں 98 اضافی کلاس رومز کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ چار دیواری کی مضبوطی، ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی فیز ون کا حصہ ہے۔ اجلاس میں فیز ٹو کی مجوزہ سکیموں اور آئندہ ورک پلان پر بھی شرکاء کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں