پنجاب کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک رکھنے کیلئے نیاقانون تیار

لاہور ( بیو رو چیف )پنجاب حکومت نے صوبے کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے کے لیے نیا قانون تیار کر لیا ہے۔ پنجاب سرنڈر آف الیگل آرمز ایکٹ 2025 کا ڈرافٹ مکمل کر لیا گیا ہے جس میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے لیے بھاری جرمانے اور سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔حکومت کی جانب سے عوام کو 15 روز تک کی مہلت دی جائے گی، جس دوران شہری بلا خوف و خطر اپنا غیر قانونی اسلحہ قریبی تھانے یا سی سی ڈی کے پاس جمع کرا سکیں گے, مقررہ مدت میں ہتھیار جمع کرانے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔حکام کے مطابق جمع کرائے جانے والے ہر اسلحے کی رسید جاری کی جائے گی اور ہتھیاروں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا۔ مہلت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی اسلحہ نہ جمع کرانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔قانون میں لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والوں کی مکمل جانچ پڑتال بھی شامل ہے۔ ٹیکس نادہندگان یا سنگین مقدمات میں ملوث افراد کے اسلحہ لائسنس منسوخ کیے جا سکیں گے، جبکہ ہتھیار رکھنے کا جواز ثابت نہ ہونے پر لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جا سکے گا۔حکام کے مطابق قانون سازی مکمل ہوتے ہی صوبے بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں