کمشنر سرگودھا کا ستھرا پنجاب پروگرام پر کڑی نگرانی کا اعلان

سرگودہا(بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن کا ستھرا پنجاب پروگرام پر سخت ایکشن، اچانک دوروں کا اعلان، غفلت پر افسران کی برطرفی کا حکم۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ضلع سرگودہا میں ایس ڈبلیو ایم سی کے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) وسیم، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل منیجرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔کمشنر جہانزیب اعوان نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے سے وہ خود شہری اور دیہی علاقوں کے اچانک دورے کریں گے اور ستھرا پنجاب پروگرام کی سرگرمیوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیں گے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی یونین کونسل میں صفائی کی صورتِ حال خراب پائی گئی تو یو سی مانیٹر کو فوری فارغ کر دیا جائے گا جبکہ زیادہ شکایات کی صورت میں تحصیل منیجر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ ایس ڈبلیو ایم سی کو ضلعی بنیادوں پر نئے ماڈل کے تحت منتقل کرنے کا ٹرانزیشن پراسس جاری ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ اور فیلڈ میں عملی کارکردگی کا جائزہ بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام شہری اور دیہی علاقے روزانہ کی بنیاد پر صاف ہونے چاہئیں، ٹرانزیشن کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور تمام اہداف مقررہ ٹائم لائن کے اندر حاصل کیے جائیں۔اس موقع پر سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران نے ضلع سرگودہا میں جاری آپریشنل اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔کمشنر سرگودہا نے کہا کہ ستھرا پنجاب ماڈل کو ہر صورت کامیاب بنانا ہے اور اس کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داری پوری دیانت داری سے ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں